واشنگٹن: (سی بی این پاکستان) امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹ کام) کے مطابق گزشتہ تین ماہ کے دوران 135 بحری جہازوں کو واپس موڑا گیا، جبکہ چار تجارتی جہازوں کو ناکارہ بنایا گیا۔امریکی فوج نے دعویٰ کیا ہے کہ اسی عرصے میں ایران کے پاسدارانِ انقلاب سے منسلک 10 آئل ٹینکروں کو بھی تباہ کیا گیا۔سینٹ کام کے مطابق تازہ کارروائی خلیجِ عمان میں کی گئی، جہاں امریکی لڑاکا طیارے نے پاناما کے پرچم تلے سفر کرنے والے تجارتی جہاز ایم وی اوشن مولیکا، جسے اریکا سن کے نام سے بھی جانا جاتا ہے، کے پچھلے حصے پر انتہائی درست نشانہ لگانے والا گولہ بارود استعمال کیا۔امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس حملے سے جہاز کا انجن اور آگے بڑھنے کا نظام ناکارہ ہوگیا، تاہم عملے کا کوئی فرد زخمی نہیں ہوا۔سینٹ کام کے مطابق جہاز کے عملے نے متعدد مرتبہ دی گئی امریکی وارننگز کو نظر انداز کیا اور بحری ناکہ بندی توڑنے کی کوشش کی، امریکی حکام کے مطابق یہ جہاز اس سے قبل ایران کی ایک بندرگاہ سے روانہ ہوا تھا۔امریکی فوج کی جانب سے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق ایران کی بندرگاہوں کی ناکہ بندی کے دوران تجارتی جہازوں کی نقل و حرکت محدود کرنے اور مبینہ خلاف ورزیوں کے خلاف کارروائیاں جاری ہیں، تاہم فراہم کردہ رپورٹ میں ناکارہ بنائے گئے چاروں تجارتی جہازوں اور تباہ کیے گئے 10 آئل ٹینکروں کی الگ الگ تفصیلات شامل نہیں ہیں۔
ایران جانے والے 135 تجارتی جہاز واپس موڑ دیے: امریکی فوج
1
