خیبر پختونخوا کے راستے افغان باشندوں کی اپنے وطن واپس بھیجے جانے اور رضاکارانہ واپسی کا سلسلہ مسلسل جاری ہے۔ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا کی جاری کردہ تازہ ترین دستاویزات کے مطابق آج کے روز مزید 1 ہزار 826 افغان شہری کے پی کے راستے اپنے وطن افغانستان روانہ ہو گئے ہیں۔ محکمہ داخلہ کی رپورٹ کے مطابق آج کے روز واپس جانے والوں میں 433 ایسے رجسٹرڈ افغان مہاجرین شامل ہیں جن کے پاس پی او آر (POR) کارڈز موجود تھے اور انہوں نے رضاکارانہ طور پر اپنے وطن جانے کا فیصلہ کیا۔ اس کے علاوہ 202 اے سی سی (ACC) کارڈ ہولڈر افغان شہری بھی واپس اپنے ملک منتقل ہو گئے ہیں۔دستاویزات میں مزید بتایا گیا ہے کہ قانون کے مطابق اقدامات کے تحت آج 1,001 غیر قانونی طور پر مقیم افغان باشندے خود واپس چلے گئے، جبکہ 190 افغان شہریوں کو باقاعدہ طور پر ڈی پورٹ کیا گیا۔ اس طرح آج کے دن میں مجموعی طور پر 1 ہزار 168 غیر قانونی افغان باشندوں کی وطن واپسی عمل میں آئی ہے۔مجموعی اعداد و شمار کے حوالے سے محکمہ داخلہ نے بتایا کہ اب تک خیبر پختونخوا کے راستے 14 لاکھ 85 ہزار سے زائد افغان باشندے اپنے وطن واپس جا چکے ہیں۔ ان میں 4 لاکھ 23 ہزار 542 پی او آر کارڈ ہولڈرز، 1 لاکھ 15 ہزار 302 اے سی سی کارڈ ہولڈرز اور 9 لاکھ 46 ہزار 898 غیر قانونی طور پر مقیم افغان شہری شامل ہیں۔
خیبر پختونخوا کے راستے افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ مسلسل جاری
15
