اسلام آباد: (سی بی این پاکستان) یومِ آزادی کے موقع پر فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ دیا، جس میں پاک فوج کے بڑی تعداد میں ریٹائرڈ افسران اور جوانوں نے شرکت کی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق استقبالیے میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے ملکی دفاع اور قومی سلامتی کے لیے سابق فوجیوں کی گراں قدر خدمات کو خراجِ تحسین پیش کیا۔فیلڈ مارشل عاصم منیر نے کہا کہ قومی استقامت مضبوط بنانے میں سابق فوجیوں کا کردار قابلِ تحسین ہے، ان کا تجربہ اور رہنمائی پاک فوج کا قیمتی ادارہ جاتی اثاثہ ہے، جبکہ بدلتے ہوئے سکیورٹی ماحول سے نمٹنے کے لیے ان کی رہنمائی اہم ہے۔آئی ایس پی آر کے مطابق سابق فوجیوں نے پاک فوج کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا اور ابھرتے ہوئے سکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے میں مسلح افواج کی حمایت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔سابق فوجیوں نے قومی اتحاد، امن، استحکام اور خوشحالی کے لیے اپنا کردار جاری رکھنے کے عزم کا بھی اظہار کیا۔استقبالیے کے دوران سابق فوجیوں کی قربانیوں، تجربے اور ملکی دفاع میں ان کے دیرینہ کردار کو سراہا گیا۔
یومِ آزادی پر سابق فوجیوں کے اعزاز میں استقبالیہ، فیلڈ مارشل کا خدمات کو خراجِ تحسین
3
