(سی بی این پاکستان)پشاور کے تھانہ پشتخرہ کی حدود میں پولیس مقابلے کے دوران ایک ہفتہ قبل کسٹم اہلکار عباس احمدکے قتل میں ملوث ملزم ہلاک جبکہ اس کا ایک ساتھی فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ملزم کی شناخت عبد القیوم ولد عدنان سکنہ امید آبادکے نام سے ہوئی ہے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ملزم اپنے ساتھی کے ہمراہ موجود تھا کہ پولیس سے آمنا سامنا ہونے پر فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس کے دوران وہ اپنے ہی ساتھی کی فائرنگ کی زد میں آ کر ہلاک ہوگیا، جبکہ دوسرا ملزم فرار ہوگیا۔پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والا ملزم 2جولائی 2026کو شاہین کالونی میں اپنے ساتھی کے ہمراہ گھر کے قریب فائرنگ کر کے کسٹم اہلکار عباس احمد ولد دیدار گل کو قتل کرنے کے مقدمے میں مطلوب تھا۔پولیس نے ملزم کے قبضے سے ایک پستول بھی برآمد کر لیا ہے۔ریکارڈ کے مطابق ہلاک ملزم کے خلاف تھانہ پشتخرہ میں قتل کا مقدمہ، تھانہ حیات آباد میں منشیات ایکٹ کے تحت مقدمہ اور تھانہ پشتخرہ میں ہوائی فائرنگ اور اسلحہ ایکٹ کے تحت مقدمہ درج تھا۔پولیس کا کہنا ہے کہ فرار ہونے والے ملزم کی گرفتاری کے لیے مختلف مقامات پر چھاپے مارے جا رہے ہیں، جبکہ واقعے کی مزید تفتیش جاری ہے۔
پشاوریں پولیس مقابلہ،کسٹم اہلکار کے قتل میں ملوث ملزم مارا گیا، ساتھی فرار
20
