(سی بی این پاکستان)الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبرپختونخوا کے 23اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے مشاورتی اجلاس طلب کر لیا ہے۔الیکشن کمیشن کی جانب سے چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا کو ارسال کیے گئے مراسلے کے مطابق 14جولائی 2026کو اسلام آباد میں چیف الیکشن کمشنر کی زیر صدارت اجلاس منعقد ہوگا،اجلاس میں میں بلدیاتی اداروں کی مدت مکمل کرنے والے 23 اضلاع میں انتخابات کے انعقاد کے حوالے سے مشاورت کی جائے گی۔مراسلے کے مطابق اجلاس میں چیف سیکرٹری خیبرپختونخوا اور سیکرٹری بلدیات کو شرکت کی دعوت دی گئی ہے تاکہ انتخابات کی تیاریوں، انتظامی امور اور دیگر ضروری اقدامات کا جائزہ لیا جا سکے۔دستاویز کے مطابق بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں جن اضلاع میں انتخابی عمل کرائے جانے کا امکان ہے، ان میں پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، مہمند، مردان، صوابی، کوہاٹ، بنوں، لکی مروت، شمالی وزیرستان، ٹانک، ایبٹ آباد، ہری پور، بٹگرام، تورغر، اپر کوہستان، لوئر کوہستان، کولائی پالس، بونیر، لوئر چترال، لوئر دیر اور اپر دیرشامل ہیں۔ذرائع کے مطابق اجلاس میں انتخابی شیڈول، سکیورٹی، انتظامی تیاریوں اور دیگر متعلقہ امور پر بھی غور کیا جائے گا تاکہ بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے لیے آئندہ کا لائحہ عمل مرتب کیا جا سکے۔
خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں، الیکشن کمیشن نے اہم اجلاس بلا لیا
26
