Home پاکستانخیبرپختونخوا: صحت کارڈ پلس کو او پی ڈی تک توسیع دینے کا اعلان۔

خیبرپختونخوا: صحت کارڈ پلس کو او پی ڈی تک توسیع دینے کا اعلان۔

by adnan Shahid

(سی بی این پاکستان) خیبرپختونخوا کابینہ نے خیبرپختونخوا ہیلتھ پالیسی 2026 کی منظوری دے دی ہے، جس کا مقصد صوبے کے تمام شہریوں کو بلاامتیاز معیاری طبی سہولیات کی فراہمی اور صحت کے نظام کو جدید خطوط پر استوار کرنا ہے، اس موقع پر صحت کارڈ پلس کو او پی ڈی تک توسیع دینے کا اعلان بھی کیا گیا ہے۔صوبائی وزیر اطلاعات شفیع جان کے مطابق نئی ہیلتھ پالیسی کے تحت صحت کے شعبے میں جدید ٹیکنالوجی کا استعمال، عملے کی تربیت، شفافیت اور مؤثر نگرانی کو بنیادی اہمیت دی جائے گی۔صوبائی حکومت کی جانب سے منظور ہونیوالی ہیلتھ پالیسی کے تحت صحت کے نظام میں ڈیجیٹل اصلاحات کا اعلان کیا گیا ہے، وزیر اطلاعات کے مطابق نئی پالیسی کے تحت کارکردگی جانچنے کے لیے ڈیجیٹل رپورٹنگ سسٹم متعارف کرایا جائے گا، جبکہ اس کے علاوہ صحت مراکز کی نگرانی کے لیے جدید مانیٹرنگ نظام کا قیام، ٹیلی میڈیسن کے نظام کو بھی فروغ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ صحت کے شعبے میں شفافیت اور جوابدہی بڑھانے کے لیے ہیلتھ کیئر کمیشن کو مزید مضبوط کیا جائے گا۔وزیر اطلاعات کے مطابق نئی ہیلتھ پالیسی کے تحت صحت کارڈ پلس پروگرام کو او پی ڈی سہولیات تک وسعت دی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ اس اقدام کا مقصد شہریوں کو علاج معالجے کی مزید بہتر اور آسان سہولیات فراہم کرنا ہے۔پالیسی میں زچہ و بچہ کی صحت کے شعبے میں سہولیات بڑھانے کو بھی شامل کیا گیا ہے، اس کے علاوہ آئی سی یو، سی سی یو، ٹراما سینٹرز اور برن سینٹرز کے قیام پر بھی توجہ دی جائے گی تاکہ پیچیدہ طبی مسائل کا بہتر علاج ممکن ہو سکے۔صوبائی وزیر کے مطابق جن سرکاری صحت مراکز کی کارکردگی کمزور ہوگی، انہیں بہتر انتظام کے لیے آؤٹ سورس کیا جا سکتا ہے،انہوں نے کہا کہ مقصد عوام کو معیاری صحت سہولیات کی فراہمی اور اداروں کی کارکردگی میں بہتری لانا ہے۔نئی پالیسی کے تحت ڈاکٹروں، نرسوں، پیرا میڈیکل سٹاف کی کمی دور کرنے کے لیے اقدامات کیے جائیں گے۔میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشنز میں بھی مزید اصلاحات متعارف کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ہیلتھ پالیسی میں ادویات کی مسلسل دستیابی، ویکسین کی فراہمی، بیماریوں کی مانیٹرنگ، صاف پانی، صفائی اور موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو بھی شامل کیا گیا ہے۔شفیع جان کے مطابق پالیسی کے تحت صحت دشمن مصنوعات پر ٹیکس عائد کرکے حاصل ہونے والی رقم صحت عامہ کے منصوبوں پر خرچ کی جا سکے گی۔صوبائی کابینہ نے موٹر وہیکلز آرْڈیننس اور رولز 1965 میں ذاتی رجسٹریشن نمبر کے نظام سے متعلق ترامیم کی منظوری دے دی۔کابینہ نے پیشہ ورانہ تحفظ و صحت قواعد 2026 کی بھی منظوری دی، ان قواعد کے تحت تمام اداروں میں محفوظ ماحول یقینی بنایا جائے گا، جبکہ اس کے علاوہ کمپنیاں ملازمین کو حفاظتی آلات فراہم کرنے کی پابند اور حفاظتی انتظامات پر عملدرآمد لازمی ہوگا۔قواعد کے مطابق 50 سے زائد ملازمین والے اداروں میں سیفٹی نمائندے مقرر ہوں گے، 100 سے زائد ملازمین والے اداروں میں سیفٹی افسران تعینات کیے جائیں گے۔خیبرپختونخوا کابینہ نے صفوت غیور شہید میموریل ہسپتال پشاور کی توسیع کی بھی منظوری دے دی۔اس کے علاوہ ضلع خیبر کے جمرود کمپلیکس میں ایکسائز پولیس سٹیشن کے قیام کے لیے اراضی منتقلی کی منظوری بھی دی گئی۔