بنوں:(سی بی این پاکستان)ضلع بنوں میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)،پولیس اور پاک فوج کے مشترکہ انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں 2دہشت گرد ہلاک ہوگئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق ہلاک ہونے والوں میں اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP)کا مقامی کمانڈر محب خان عرف ثمین بھی شامل ہے، جس کے خلاف سی ٹی ڈی بنوں میں 22 مقدمات درج تھے۔جاری پریس ریلیز کے مطابق مصدقہ اطلاع موصول ہوئی تھی کہ تھانہ بنوں کینٹ کی حدود میں واقع علاقے کرم گڑھی ممند خیل میں دہشت گرد کسی بڑی کارروائی کی غرض سے موجود ہیں۔ اطلاع پر سی ٹی ڈی بنوں، ڈسٹرکٹ پولیس اور پاک فوج کے اہلکاروں پر مشتمل مشترکہ ٹیم کو ملزمان کی گرفتاری کے لیے روانہ کیا گیا۔اہلکاروں کے موقع پر پہنچتے ہی وہاں موجود دہشت گردوں نے اندھا دھند فائرنگ شروع کردی، جس پر سکیورٹی اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی، دونوں جانب سے فائرنگ کا تبادلہ کافی دیر تک جاری رہا۔سی ٹی ڈی کا کہنا ہے کہ فائرنگ رکنے کے بعد علاقے میں سرچ آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 2 دہشت گرد ہلاک پائے گئے۔حکام کے مطابق ایک ہلاک دہشت گرد کی شناخت محب خان عرف ثمین ولد شیر عبداللہ، سکنہ گریڑہ امام شاہ، ضلع بنوں کے نام سے ہوئی، وہ کالعدم تنظیم اتحاد المجاہدین پاکستان (IMP) کا مقامی کمانڈر اور تنظیم کے کمانڈر زر گل عرف انکل کا بھتیجا تھا۔سی ٹی ڈی کے مطابق محب خان عرف ثمین کے خلاف بنوں میں دہشت گردی سے متعلق 22 مقدمات درج تھے۔حکام نے بتایا کہ وہ مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ، پولیس اور سکیورٹی فورسز پر دھماکہ خیز حملوں، اغوا، املاک کو نقصان پہنچانے اور مختلف مقامات پر غیر قانونی ناکہ بندیاں قائم کرنے سمیت متعدد کارروائیوں میں ملوث تھا۔آپریشن میں ہلاک ہونے والے دوسرے دہشت گرد کی شناخت کا عمل جاری ہے۔دوسری جانب ایڈیشنل انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا نے مشترکہ آپریشن میں حصہ لینے والے اہلکاروں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہا۔پولیس حکام نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔
بنوں میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن، مطلوب کمانڈر سمیت 2 دہشت گرد ہلاک
2
