Home پاکستانکراچی، رکن قومی اسمبلی کے بھائی کے گھر پر چھاپہ، بھاری مقدار میں منشیات برآمدگی پر مقدمات درج

کراچی، رکن قومی اسمبلی کے بھائی کے گھر پر چھاپہ، بھاری مقدار میں منشیات برآمدگی پر مقدمات درج

by adnan Shahid

کراچی:(سی بی این پاکستان)شہر قائد میں ڈیفنس میں پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی کے بھائی آزاد جاکھرانی کے گھر پر درخشاں پولیس کے چھاپے کے معاملے پر سرکاری مدعیت میں دو مقدمات درج کرلیے گئے۔پولیس کے مطابق بنگلے سے بھاری مقدار میں کوکین، آئس اور دیگر منشیات برآمد کی گئی ہیں، جبکہ پولیس پر حملے اور کار سرکار میں مداخلت کا مقدمہ بھی درج کیا گیا ہے۔پولیس کے مطابق مقدمہ الزام نمبر 704/26 سندھ کنٹرول آف نارکوٹک سبسٹنس ایکٹ 2024 کے تحت درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے متن کے مطابق درخشاں پولیس نے ڈی ایچ اے فیز 6، خیابانِ راحت سے مشکوک موٹرسائیکل سوار نعیم حسین کو گرفتار کیا، جس کے قبضے سے کوکین اور آئس برآمد ہوئی۔پولیس کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم نے دورانِ تفتیش انکشاف کیا کہ برآمد ہونے والی منشیات آزاد جاکھرانی کی ہیں، جو مبینہ طور پر منشیات کا کاروبار کرتا ہے اور اپنے بنگلے سے منشیات فراہم کرتا ہے۔ ملزم نے پولیس کو یہ بھی بتایا کہ بنگلے میں مزید منشیات موجود ہیں اور وہ اس جگہ کی نشاندہی کرسکتا ہے۔ایف آئی آر کے مطابق گرفتار ملزم کی نشاندہی پر پولیس نے بنگلہ نمبر 105/2، اسٹریٹ 31، خیابانِ راحت، فیز 6 میں چھاپہ مارا، جہاں سے مبینہ طور پر بھاری مقدار میں آئس اور دیگر منشیات برآمد کی گئیں۔بنگلے کے چوکیدار عالم خان نے پولیس کو بتایا کہ بنگلے کا مالک آزاد جاکھرانی ملک سے باہر ہے۔ مقدمے میں بنگلے کے مالک آزاد جاکھرانی کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔واقعے سے متعلق دوسرا مقدمہ الزام نمبر 705/26 درخشاں تھانے میں درج کیا گیا، جس میں پولیس پر حملے اور کار سرکار میں مداخلت کی دفعات شامل کی گئی ہیں۔ مقدمے میں محمد بلال، خالد، زکریا، امیر حسن، شاہد، اشرف اور خان سمیت 7 ملزمان کو نامزد کیا گیا ہے۔ پولیس کے مطابق جوابی کارروائی کے دوران ایک ملزم کو گرفتار کیا گیا۔پولیس نے دونوں مقدمات کی مزید تفتیش شروع کردی ہے۔