اسلام آباد: (سی بی این پاکستان) جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) حکومت مخالف تحریک کے سلسلے میں کل ملتان میں مفتی محمود کانفرنس منعقد کرے گی، جس میں مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔ترجمان جے یو آئی اسلم غوری کے مطابق کانفرنس میں مفکر اسلام مفتی محمود کی خدمات کو خراج عقیدت پیش کیا جائے گا، مفتی محمود کی اصولوں پر مبنی سیاست، علمی رسوخ اور پروقار زندگی سے نئی نسل کو روشناس کرانے کی ضرورت ہے۔اسلم غوری نے بتایا کہ کانفرنس میں شرکت کے لیے مولانا فضل الرحمان، مولانا عبدالغفور حیدری، محمد اسلم غوری اور دیگر رہنما آج ملتان پہنچ رہے ہیں، کانفرنس کی تیاریاں مکمل کر لی گئی ہیں، عوام کی بھرپور شرکت قائد جمعیت کے بیانیے کے حق میں ریفرنڈم ثابت ہوگی۔ترجمان جے یو آئی کا کہنا تھا کہ کانفرنس کے انعقاد میں کسی قسم کی رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی، یہ کانفرنس عوامی حقوق، مہنگائی، بے روزگاری اور بدامنی کے خلاف عوامی رابطہ مہم کا تسلسل ہے۔انہوں نے کہا کہ مفتی محمود کانفرنس وطن عزیز میں آئین کے تحفظ، اسلامی دفعات، مدارس کے ساتھ ناروا سلوک کے خاتمے اور امت مسلمہ کے اتحاد کے لیے سنگ میل ثابت ہوگی، کانفرنس جنوبی پنجاب کی سیاسی سمت کا تعین کرے گی۔اسلم غوری کا مزید کہنا تھا کہ مولانا فضل الرحمان احتجاجی تحریک کے اگلے مرحلے کا اعلان کریں گے۔انہوں نے کہا کہ جے یو آئی ملک میں قانون کی حکمرانی، صاف و شفاف انتخابات اور عوامی مسائل کے حل کے لیے میدان عمل میں ہے، عوام کو اپنے حقوق کے تحفظ کے لیے جے یو آئی کے شانہ بشانہ میدان میں نکلنا ہوگا۔
حکومت مخالف تحریک، جے یو آئی کل ملتان میں کانفرنس کرے گی
2
