پشاور(سی بی این سپورٹس)ڈائریکٹر جنرل آف سپورٹس خیبر پختونخوا کے زیرِ اہتمام انٹر اکیڈمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ کا آغاز پشاور اسپورٹس کمپلیکس کے طارق ودود بیڈمنٹن ہال میں شرع ہو گیا۔چیمپئن شپ میں انڈر 13 اور انڈر 17 بوائز و گرلز کی کیٹیگریز کے 150 سے زائد کھلاڑی حصہ لے رہے ہیں۔ اس ایونٹ کا مقصد نئے ٹیلنٹ کو سامنے لانا اور نوجوان کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کے اظہار کا بہترین موقع فراہم کرنا ہے۔

افتتاحی تقریب میں ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا تاشفین حیدر،اے آئی پی ایس ایشیائکے سیکرٹری امجد عزیز ملک، سابق جونیئر چیمپئن نبیل عالم،سماجی شخصیت عدیل حیدر نصیر،چیف کوچ شفقت اللہ ڈپٹی ڈائریکٹر اسپورٹس کاشف فرحان،خیبر پختونخوا بیڈمنٹن ایسوسی ایشن کے جنرل سیکرٹری میاں صداقت شاہ، کوچز حیات اللہ،بشرا سمیت دیگرشخصیات نے شرکت کی۔ڈائریکٹر جنرل سپورٹس خیبر پختونخوا، تحسین حیدر نے کہا کہ ہمارا مقصد نئے ٹیلنٹ کی تلاش اور ان کی بھرپور حوصلہ افزائی کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں یقین ہے کہ یہی نوجوان کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے قومی پرچم کو عالمی سطح پر سربلند کریں گے اور ملک و قوم کا نام روشن کریں گے۔ امجد عزیز ملک نے کہا کہ انہیں اس بات کی بے حد خوشی ہے کہ انٹر اکیڈمی بیڈمنٹن چیمپئن شپ میں نوجوان لڑکیاں بھی بھرپور انداز میں حصہ لے رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی بڑھتی ہوئی شرکت نہ صرف خیبر پختونخوا میں کھیلوں کے فروغ کا ثبوت ہے بلکہ اس سے صوبے کا مثبت تشخص قومی اور بین الاقوامی سطح پر مزید اجاگر ہوگا۔امریکہ سے آئے ہوئے سابق کے پی جونیئر چیمپئن نبیل عالم عدیل نے کہا کہ پاکستان میں بیڈمنٹن کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے، تاہم اس ٹیلنٹ کو نکھارنے اور عالمی معیار تک پہنچانے کے لیے اکیڈمی بہترین انداز میں کام کر رہی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہی نوجوان کھلاڑی مستقبل میں پاکستان کا نام بین الاقوامی سطح پر روشن کریں گے۔چیمپئن شپ کے مقابلے آئندہ بھی جاری رہیں گے، جبکہ اختتامی تقریب میں نمایاں کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، میڈلز اور انعامات تقسیم کیے جائیں گے۔
