(سی بی این پاکستان) خیبرپختونخوا کے دیگر اضلاع کی طرح جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کا سلسلہ بھی جاری ہے، اس دوران پانچ سال سے کم عمر 61 ہزار 260 بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلانے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔محکمہ صحت اور ضلعی انتظامیہ کے مطابق انسداد پولیو مہم کو کامیاب بنانے کے لیے ضلع بھر میں مختلف ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔مہم کے دوران 36 یونین کونسلز، 107 ایریا انچارجز اور 357 موبائل ٹیمیں اپنی خدمات انجام دے رہی ہیں تاکہ کوئی بچہ پولیو سے بچاؤ کے قطروں سے محروم نہ رہے۔محکمہ صحت کے مطابق پولیو ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے پلا رہی ہیں۔انسداد پولیو مہم کے دوران ایک دن کیچ اَپ کے لیے بھی مختص کیا گیا ہے، جس دن ان بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جائیں گے جو کسی وجہ سے مہم کے ابتدائی دنوں میں ویکسین سے محروم رہ گئے ہوں۔محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ کیچ اَپ ڈے کا مقصد مہم کے دوران رہ جانے والے بچوں تک رسائی یقینی بنانا ہے۔جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم کے حوالے سے ضلعی انتظامیہ اور محکمہ صحت نے والدین سے اپیل کی ہے کہ وہ پولیو ٹیموں کے ساتھ بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر تمام بچوں کو پولیو سے بچاؤ کے قطرے لازمی پلائیں۔حکام کے مطابق والدین کے تعاون سے جنوبی وزیرستان لوئر سمیت پورے خطے میں پولیو کے خاتمے کی کوششوں کو مزید مؤثر بنایا جا سکتا ہے۔
جنوبی وزیرستان میں انسداد پولیو مہم، 61 ہزار سے زائد بچوں کو قطرے پلانا ہدف
11
