Home پاکستانپشاور میں آندھی و طوفانی بارش سے تباہی، 8افراد زخمی، 200سے زائد فیڈرز ٹرپ

پشاور میں آندھی و طوفانی بارش سے تباہی، 8افراد زخمی، 200سے زائد فیڈرز ٹرپ

by adnan Shahid

( سی بی این پاکستان )پشاور میں شدید آندھی اور موسلا دھار بارش کے باعث مختلف علاقوں میں چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات پیش آئے ہیں، جبکہ متعدد علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہوگئی ہے۔ریسکیو 1122 کے مطابق شہر میں چھتیں گرنے کے مختلف واقعات میں اب تک 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔ریسکیو اہلکار زخمیوں کو موقع پر ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ایمبولینسوں کے ذریعے مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر رہے ہیں۔پشاور کے علاقے سردار کالونی میں ایک گھر کی دیواریں گرنے کا واقعہ بھی پیش آیا، ابتدائی اطلاعات کے مطابق تاحال اس واقعے میں کسی جانی یا مالی نقصان کی تصدیق نہیں ہوسکی۔دوسری جانب بارش کے بعد شہر کے کئی علاقوں میں سڑکوں پر پانی جمع ہوگیا جس کے نتیجے میں شہر کی سڑکیں تالاب کا منظر پیش کرنے لگیں۔ادھر پیسکو کے ترجمان نے بتایا ہے کہ شدید آندھی اور تیز بارش کے باعث پشاور کے متعدد گرڈ اسٹیشنز سے بجلی کی ترسیل معطل ہوگئی ہے۔ترجمان کے مطابق تقریبا 12 گرڈز سے منسلک 200 سے زائد فیڈرز ٹرپ کر گئے ہیں، جس کے باعث شہر کے مختلف علاقوں میں بجلی کی فراہمی متاثر ہوئی ہے۔ترجمان پیسکو کا کہنا ہے کہ موسم کی شدت میں کمی آتے ہی متاثرہ فیڈرز کو مرحلہ وار بحال کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیسکو کی تمام ٹیموں کو ہائی الرٹ کردیا گیا ہے، جبکہ صارفین سے بھی احتیاط اور ادارے کے ساتھ تعاون کی اپیل کی گئی ہے۔