Home پاکستانپشاور کے کڈنی ہسپتال میں مریض بچے کو 4سال بعد کی تاریخ، والدین پریشان

پشاور کے کڈنی ہسپتال میں مریض بچے کو 4سال بعد کی تاریخ، والدین پریشان

by adnan Shahid

(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا کے واحد انسٹیٹیوٹ آف کڈنی ڈیزیز (آئی کے ڈی)میں گردے کے مرض میں مبتلا ایک بچے کو چار سال بعد، 13 نومبر 2030کی فالو اپ تاریخ دیے جانے کا انکشاف سامنے آیا ہے، جس پر والدین نے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق کوہاٹ سے تعلق رکھنے والے یاسرنامی بچے کو گردے کے عارضے کے باعث ہسپتال لایا گیا تھا،ابتدائی معائنے کے بعد ڈاکٹر کی جانب سے جاری کیے گئے نسخے میں اگلی تاریخ 13نومبر 2030درج کی گئی، جس پر اہل خانہ حیران رہ گئے۔ہسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ چلڈرن یورولوجی وارڈمیں اس وقت صرف ایک فیکلٹی ممبرخدمات انجام دے رہا ہے، جبکہ ماہر ڈاکٹروں اور عملے کی کمی کے باعث آپریشنز کے لیے طویل انتظار کرنا پڑ رہا ہے۔متاثرہ بچے کے والدین نے حکومت اور محکمہ صحت سے مطالبہ کیا ہے کہ اسپتال میں ڈاکٹرز اور طبی عملے کی کمی کو فوری طور پر دور کیا جائے تاکہ مریض بچوں کو بروقت علاج اور سرجری کی سہولت میسر آ سکے۔دوسری جانب ہسپتال انتظامیہ نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ بعض بچوں کے کیسز میں طبی وجوہات کی بنا پر ان کی جسمانی نشوونما کا انتظار کیا جاتا ہے، جس کے بعد آپریشن کیا جاتا ہے،انتظامیہ کے مطابق ہسپتال میں معمول کے مطابق آپریشنز جاری ہیں، تاہم پیچیدہ سرجریز میں بعض اوقات طبی ضرورت کے تحت انتظار کرنا پڑتا ہے۔