Home پاکستانخیبرپختونخوا پولیس کا دعویٰ، 341 ڈرون حملے ناکام، 182 دہشت گرد ہلاک

خیبرپختونخوا پولیس کا دعویٰ، 341 ڈرون حملے ناکام، 182 دہشت گرد ہلاک

by adnan Shahid

(سی بی این پاکستان) خیبرپختونخوا پولیس نے رواں سال دہشت گردی کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ جاری کرتے ہوئے دعویٰ کیا ہے کہ پولیس نے دہشت گردوں کے 341 ڈرون حملے ناکام بنائے، جبکہ مختلف آپریشنز کے دوران 182 دہشت گرد ہلاک اور 504 کو گرفتار کیا گیا۔جاری اعداد و شمار کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی نے گزشتہ 6 ماہ کے دوران 2004 انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز کیے۔پولیس کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران 504 دہشت گرد گرفتار کیے گئے، جبکہ 14 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت بھی مقرر تھی۔پولیس حکام کے مطابق رواں سال پولیس پر 294 حملے کیے گئے، جن میں سے 161 حملوں کو ناکام بنایا گیا۔اعدادوشمار کے مطابق دہشت گردوں کی جانب سے کیے جانے والے 341 ڈرون حملے ناکام بنا دیئے گئے، اس دوران جدید اینٹی ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا۔پولیس کا کہنا ہے کہ یو اے وی ڈویژن کے ذریعے نہ صرف ڈرون حملوں کو ناکارہ بنایا جا رہا ہے بلکہ اس ٹیکنالوجی پر مزید تحقیق بھی جاری ہے۔پولیس رپورٹ کے مطابق رواں سال دہشت گردی کے خلاف جنگ میں 122 افسران اور اہلکار شہید ہوئے، جبکہ 175 اہلکار زخمی ہوئے۔حکام کا کہنا ہے کہ پولیس فورس دہشت گردی کے خاتمے کے لیے مسلسل کارروائیاں جاری رکھے ہوئے ہے۔پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی مردان نے سیلولر ڈیٹا کے فرانزک تجزیے کی مدد سے 3 دہشت گرد گرفتار کیے، جو اسلام آباد کی امام بارگاہ پر حملے کی منصوبہ بندی میں ملوث تھے۔سی ٹی ڈی پشاور نے کانسٹیبل ثنا اللہ کی شہادت میں ملوث 2 دہشت گردوں کو ہلاک کیا، جو مبینہ طور پر ٹارگٹ کلنگ اور پولیس حملوں میں ملوث تھے،پولیس کے مطابق چارسدہ میں 3 دہشت گرد ہلاک کیے گئے، شانگلہ میں پولیس اہلکاروں کی شہادت میں ملوث مبینہ گروہ کے کمانڈر نور اسلام عرف خوگ بادشاہ کو دو ساتھیوں سمیت ہلاک کیا گیا جبکہ دیر لوئر میں 6 خطرناک دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا۔سی ٹی ڈی کی کارروائیوں کے دوران پولیس کے مطابق 1771 کلوگرام دھماکہ خیز مواد، 91 ہینڈ گرینیڈ، 2 خودکش جیکٹس اور بھاری مقدار میں اسلحہ برآمد کیا گیا۔پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دہشت گردی کے خاتمے کے لیے آپریشنز، انٹیلی جنس کارروائیاں اور جدید ٹیکنالوجی کا استعمال جاری رہے گا۔