(سی بی این پاکستان) ملک بھر کی طرح پشاور میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے خلاف جماعت اسلامی نے احتجاج کیا جہاں کارکنان نے موٹروے ٹول پلازہ کو دونوں اطراف سے بند کردیا۔جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد امیر جماعت اسلامی پاکستان حافظ نعیم الرحمان کی ہدایت پر احتجاج کے لیے موٹروے ٹول پلازہ پر جمع ہوئی۔مظاہرین نے وفاقی حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کرتے ہوئے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کو مسترد کردیا۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ آئے روز پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ لیوی ٹیکس بڑھنے سے غریب عوام شدید متاثر ہورہے ہیں۔جماعت اسلامی کے کارکنان نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کرے، بصورت دیگر احتجاج کا سلسلہ جاری رکھا جائے گا۔احتجاج کے باعث موٹروے ٹول پلازہ دونوں اطراف سے بند ہونے سے ٹریفک کی روانی بھی متاثر ہوئی ہے جس سے مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
پشاور میں جماعت اسلامی کا احتجاج، موٹروے ٹول پلازہ دونوں اطراف سے بند
17
