Home پاکستانبنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، 5دہشت گرد مارے گئے

بنوں میں سی ٹی ڈی اور پولیس کا آپریشن، 5دہشت گرد مارے گئے

by adnan Shahid

بنوں (سی بی این پاکستان)محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)بنوں ریجن نے مقامی پولیس کے ہمراہ ضلع بنوں کے علاقے گلبہار، تھانہ حوید کی حدود میں دہشت گردوں کی موجودگی کی مصدقہ اطلاع پر انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کرتے ہوئے 5 دہشت گرد ہلاک کر دیے، جبکہ متعدد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔سی ٹی ڈی کے مطابق آپریشن انتہائی مربوط منصوبہ بندی اور پیشہ ورانہ حکمت عملی کے تحت کیا گیا تاکہ دہشت گردوں کی نقل و حرکت کو موثر انداز میں محدود کیا جا سکے۔بیان کے مطابق کارروائی کے دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی کی اسپیشل ویپنز اینڈ ٹیکٹکس ٹیم اور مقامی پولیس کو دیکھتے ہی اندھا دھند فائرنگ شروع کر دی، جس پر فورسز نے جوابی کارروائی کی، دونوں جانب سے تقریباً 40منٹ تک فائرنگ کا تبادلہ جاری رہا۔سی ٹی ڈی کے مطابق جھڑپ کے بعد علاقے میں سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن کیا گیا، جس کے دوران 5دہشت گرد ہلاک ہوئے جبکہ متعدد دہشت گرد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔پولیس کی اضافی نفری نے علاقے کا محاصرہ کر لیا ہے اور فرار دہشت گردوں کی گرفتاری کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشت گردوں کی شناخت، کرمنل پروفائلنگ اور فرانزک تجزیے کا عمل جاری ہے، جبکہ ان کے مبینہ سہولت کاروں، مالی معاونین، لاجسٹک سپورٹرز اور نیٹ ورکس کے خلاف بھی قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔کارروائی کے دوران دہشت گردوں کے قبضے سے 5کلاشنکوفیں،10میگزین، 5بنڈولیئر، 2ہینڈ گرینیڈزاور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا، جسے مزید فرانزک تجزیے اور تفتیش کے لیے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔انسپکٹر جنرل پولیس خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے کامیاب کارروائی پر سی ٹی ڈی کی ٹیم اور مقامی پولیس کے جوانوں کی پیشہ ورانہ مہارت، بروقت ردعمل اور بہادری کو سراہتے ہوئے انہیں شاباش دی۔آئی جی پولیس نے کہا کہ دہشت گردوں، ان کے مبینہ سہولت کاروں اور معاون نیٹ ورکس کے خلاف انٹیلی جنس پر مبنی کارروائیاں مزید موثر انداز میں جاری رکھی جائیں گی اور دہشت گردوں کو ان کے محفوظ ٹھکانوں تک تعاقب کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے، ریاستی رٹ کے استحکام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے سی ٹی ڈی اور خیبرپختونخوا پولیس اپنی کارروائیاں پوری قوت اور پیشہ ورانہ انداز میں جاری رکھیں گی۔