(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا حکومت کی جانب سے پولیس فورس کی افرادی قوت اور آپریشنل صلاحیت میں اضافے کے لیے اہم پیش رفت، صوبے کے آٹھوں ڈویژنز سے 4306 کانسٹیبلز بھرتی کر لئے گئے ہیں۔اس حوالے سے پشاور میں تقریب منعقد ہوئی، جس میں وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے نئے بھرتی ہونے والے اہلکاروں میں تقرری نامے تقسیم کیے۔وزیراعلیٰ نے اپنے خطاب میں کہا کہ امید ہے جن امیدواروں کی بھرتی میرٹ پر ہوئی ہے وہ اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریاں بھی دیانتداری، ایمانداری اور غیر جانبداری کے ساتھ انجام دیں گے۔انہوں نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت بانی چیئرمین عمران خان کے وژن کے مطابق میرٹ اور شفافیت کو اولین ترجیح دے رہی ہے۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا پولیس، سی ٹی ڈی اور سپیشل برانچ اپنی پیشہ ورانہ کارکردگی کی بدولت ملک بھر میں نمایاں مقام رکھتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو دہائیوں سے خیبرپختونخوا پولیس دہشت گردی کے خلاف صفِ اول میں لڑ رہی ہے، اور فورس نے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔وزیراعلیٰ نے پولیس اہلکاروں کی بہادری اور خدمات کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ امن کے مکمل قیام تک دہشت گردی کے خلاف کارروائیاں جاری رہیں گی۔وزیراعلیٰ نے نئے اہلکاروں کو ہدایت کی کہ وہ کسی بھی دباؤ یا غیر قانونی مداخلت کے سامنے نہ جھکیں اور جرائم کے خاتمے، دہشت گردی کے خلاف کارروائی اور عوام کی جان و مال کے تحفظ کو اپنی اولین ترجیح بنائیں۔انہوں نے کہا کہ ایک اچھے پولیس اہلکار کی پہچان عوام کے ساتھ خوش اخلاقی، احترام اور انصاف پر مبنی رویہ ہے۔
خیبرپختونخوا پولیس میں 4306 کانسٹیبلز بھرتی، تقرری نامے وزیراعلیٰ نے تقسیم کئے،
24
