پشاور (سی بی این سپورٹس): پاکستان کے ابھرتے ہوئے جونیئر ٹینس کھلاڑی شایان آفریدی نے آئندہ ماہ اسلام آباد میں ہونے والی انٹرنیشنل ٹینس فیڈریشن (آئی ٹی ایف) جونیئر چیمپئن شپ کی تیاریاں شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے عزم ظاہر کیا ہے کہ وہ ایونٹ میں بھرپور محنت اور بہترین کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے جونیئر کیٹیگری کا ٹائٹل اپنے نام کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے۔شایان آفریدی حالیہ دنوں شاندار فارم میں ہیں اور انہوں نے ملک میں منعقد ہونے والی مسلسل تین قومی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ جیت کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے سب سے پہلے ساہیوال میں منعقدہ قومی جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کا ٹائٹل اپنے نام کیا۔ اس کے بعد لاہور میں کھیلی جانے والی بینک آف پنجاب نیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ میں کامیابی حاصل کی، جبکہ لاہور ہی میں منعقد ہونے والی شہریار ملک نیشنل جونیئر ٹینس چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی فتح حاصل کرکے مسلسل تیسری قومی چیمپئن شپ اپنے نام کی۔پشاور واپسی پر اپنے بیان میں شایان آفریدی نے کہا کہ مسلسل تین قومی جونیئر ٹائٹلز جیتنے سے ان کا حوصلہ اور اعتماد پہلے سے کہیں زیادہ بلند ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ 15 اگست سے اسلام آباد میں شروع ہونے والی آئی ٹی ایف جونیئر چیمپئن شپ کے لیے وہ بھرپور تیاری کر رہے ہیں اور کوشش ہوگی کہ اپنی بہترین کارکردگی کی بدولت پاکستان کے لیے ایک اور بڑا اعزاز حاصل کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ بین الاقوامی سطح پر ملک کی نمائندگی کرنا ہر کھلاڑی کا خواب ہوتا ہے اور وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے اپنی صلاحیتوں کا بہترین مظاہرہ کریں گے۔
ابھرتے ہوئے ٹینس اسٹار شایان آفریدی کی آئی ٹی ایف جونیئر چیمپئن شپ جیتنے کیلئے پرعزم
22
