(سی بی این پاکستا ن ) خیبرپختونخوا حکومت نے صوبے کے مختلف اضلاع، بالخصوص جنوبی اضلاع میں دہشت گردی کی کارروائیوں میں مطلوب 83 دہشت گردوں کے سروں کی قیمت مقرر کر کے انعامی فہرست جاری کر دی۔ ذرائع کے مطابق انعامی فہرست میں ڈیرہ اسماعیل خان، کلاچی، کھوئی بہارہ غربی، کڑی احمد شاہ، درازندہ، درابن، زرمک، پروآ، کراچی اور دیگر علاقوں سے تعلق رکھنے والے متعدد مطلوب افراد شامل ہیں۔فہرست میں بعض انتہائی مطلوب دہشتگردوں کے سروں کی قیمت ایک کروڑ روپے، 90 لاکھ، 70 لاکھ، 60 لاکھ اور 40 لاکھ روپے مقرر کی گئی ہے، جبکہ دیگر مطلوب افراد کے حوالے سے بھی اہم اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردوں اور فتنہ الخوارج سے منسلک مشتبہ سرگرمیوں پر کڑی نظر رکھیں اور کسی بھی مطلوب شخص کی موجودگی یا گرفتاری سے متعلق قابلِ اعتماد معلومات متعلقہ اداروں تک پہنچائیں۔حکومت کے مطابق معلومات فراہم کرنے والے افراد کو مقررہ مالی انعام دیا جائے گا جبکہ ان کی شناخت مکمل طور پر خفیہ رکھی جائے گی۔واضح رہے کہ جنوبی اور ضم شدہ اضلاع میں حالیہ عرصے کے دوران دہشت گردی اور ٹارگٹ کلنگ کے متعدد واقعات پیش آئے ہیں، جن کے بعد سکیورٹی اداروں نے دہشت گردوں کے خلاف کارروائیاں مزید تیز کر دی ہیں۔
خیبرپختونخوا میں 83مطلوب دہشتگردوں کے سروں کی قیمت مقرر، بھاری انعام کا اعلان
12
