Home پاکستانالیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ میں انقلاب، بی وائے ڈی نے 9 منٹ میں بیٹری چارج کرنے کی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی

الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ میں انقلاب، بی وائے ڈی نے 9 منٹ میں بیٹری چارج کرنے کی ٹیکنالوجی متعارف کرا دی

by adnan Shahid

کراچی(سی بی این پاکستان) چینی کمپنی بی وائے ڈی نے الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے شعبے میں اہم پیش رفت کرتے ہوئے ایسی فلیش چارجنگ ٹیکنالوجی متعارف کرادی ہے جس کے ذریعے مطابقت رکھنے والی گاڑی کی بیٹری صرف 9 منٹ میں 10 سے 97 فیصد تک چارج کرنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔کمپنی کے مطابق بی وائے ڈی آئندہ چند ہفتوں میں برطانیہ میں اپنے پہلے فلیش چارجنگ اسٹیشنز متعارف کرائے گی جبکہ آئندہ 12 ماہ کے دوران ملک بھر میں 300 ایسے اسٹیشنز نصب کرنے کا منصوبہ ہے۔ان اسٹیشنز کے لیے بی وائے ڈی اور ڈینزا کے ڈیلرشپس، موٹروے سروس اسٹیشنز اور موجودہ چارجنگ مراکز کو ترجیح دی جائے گی۔بی وائے ڈی کے مطابق نئی ٹیکنالوجی کے ذریعے گاڑی کی بیٹری صرف 5 منٹ میں 10 سے 70 فیصد جبکہ 9 منٹ میں 10 سے 97 فیصد تک چارج کی جاسکتی ہے۔کمپنی کا دعویٰ ہے کہ شدید سرد موسم میں بھی چارجنگ کی رفتار نمایاں طور پر برقرار رہے گی اور منفی 30 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت میں بیٹری کو 20 سے 97 فیصد تک چارج کرنے میں تقریباً 12 منٹ لگیں گے۔فلیش چارجر میں دو کنیکٹرز فراہم کیے گئے ہیں۔ ایک گاڑی چارج ہونے کی صورت میں چارجر زیادہ سے زیادہ 1500 کلو واٹ تک بجلی فراہم کرسکتا ہے، جبکہ بیک وقت دو گاڑیوں کو چارج کرنے کی صورت میں ہر کنیکٹر کو 1000 کلو واٹ تک بجلی فراہم کی جاسکتی ہے۔یہ رفتار موجودہ کئی تیز رفتار چارجنگ نظاموں کے مقابلے میں نمایاں طور پر زیادہ ہے۔ برطانیہ میں ٹیسلا کے وی 3 اور وی 4 سپر چارجرز 250 کلو واٹ تک بجلی فراہم کرتے ہیں جبکہ کمپنی کے مستقبل کے وی 5 ہارڈویئر سے 500 کلو واٹ تک طاقت فراہم کیے جانے کی توقع ہے۔بی وائے ڈی کے مطابق اس غیر معمولی چارجنگ رفتار میں جدید بیٹری ٹیکنالوجی کے ساتھ اسٹیشن پر نصب توانائی ذخیرہ کرنے کا نظام بھی اہم کردار ادا کرتا ہے۔ ہر فلیش چارجنگ اسٹیشن میں 185 کلو واٹ آور گنجائش والی دو اسٹوریج بیٹریاں نصب ہوں گی، جنہیں گرڈ سے 560 کلو واٹ تک کی رفتار سے چارج کیا جاسکے گا۔ بعد ازاں ذخیرہ شدہ توانائی انتہائی تیز رفتاری سے گاڑی کی بیٹری میں منتقل کی جائے گی۔کمپنی کے مطابق اس ٹیکنالوجی کو سپورٹ کرنے والی پہلی گاڑی ڈینزا زیڈ 9 جی ٹی ہوگی جبکہ بی وائے ڈی کے جدید پلگ اِن ہائبرڈ ماڈلز بھی نئی نسل کی بلیڈ بیٹری 2.0 کے ساتھ انتہائی تیز ڈی سی چارجنگ کی سہولت فراہم کریں گے۔بی وائے ڈی نے بتایا کہ اس کی مطابقت رکھنے والی گاڑیوں کے مالکان کو برطانیہ بھر میں ترجیحی بجلی کے نرخ بھی دیے جائیں گے، جو انتہائی تیز رفتار چارجنگ کی موجودہ خوردہ قیمتوں کے مقابلے میں کم ہوں گے۔دیگر کمپنیوں کی الیکٹرک گاڑیاں بھی ان اسٹیشنز سے چارج ہوسکیں گی، تاہم ان کے مالکان سے نسبتاً زیادہ فیس وصول کی جائے گی۔ماہرین کے مطابق اگر نئی ٹیکنالوجی کمپنی کے دعووں کے مطابق عملی طور پر کارکردگی دکھانے میں کامیاب رہی تو الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ میں صرف چند منٹ کا وقت ان کی مقبولیت میں بڑی رکاوٹ نہیں رہے گا۔ اس پیش رفت سے روایتی پٹرول اور ڈیزل گاڑیوں کے مقابلے میں الیکٹرک گاڑیوں کی طلب میں مزید اضافے کی راہ ہموار ہوسکتی ہے۔