پشاور:(سی بی این پاکستان)وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے پولیس لائنز پشاور میں دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکار محمد آفاق کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور شہید کے جسد خاکی پر پھول رکھ کر خراج عقیدت پیش کیا۔شفیع جان نے شہید پولیس اہلکار کے بھائی اور دیگر لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کیا۔اس موقع پر انہوں نے کہا کہ محمد آفاق نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان کا نذرانہ پیش کیا۔وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ شہدا پولیس ہمارا فخر ہیں اور ان کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں خیبرپختونخوا پولیس کی قربانیاں ناقابل فراموش ہیں اور شہدا کی قربانیاں ہرگز رائیگاں نہیں جائیں گی۔انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں شہید کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے، شہید کے درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبر جمیل کی دعا بھی کی۔محمد آفاق پشاور کے علاقے متھرا میں دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کے دوران فائرنگ کے تبادلے میں شہید ہوئے تھے۔شہید پولیس اہلکار کی نماز جنازہ میں گورنر خیبرپختونخوا فیصل کریم کنڈی، معاون خصوصی برائے محکمہ داخلہ طارق سعید مروت، رکن قومی اسمبلی شیر علی ارباب، آئی جی پولیس اور دیگر پولیس و سرکاری افسران نے بھی شرکت کی۔
شہید پولیس اہلکار محمد آفاق کی نماز جنازہ ادا، شفیع جان کا لواحقین سے اظہار تعزیت
17
