پشاور:(سی بی این پاکستان)کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)اور پولیس نے پشاور کے علاقے گڑھی شیرداد ورسک روڈ میں انٹیلی جنس بیسڈ آپریشن کے دوران دہشتگردی کی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے ایک خودکش حملہ آور کو ہلاک کردیا، جبکہ فائرنگ کے تبادلے میں ایک سی ٹی ڈی اہلکار شہید اور 3اہلکار زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق مصدقہ اطلاعات موصول ہوئی تھیں کہ 3خودکش حملہ آور پشاور میں داخل ہوچکے ہیں اور ایک حساس تنصیب کو نشانہ بنانے کی تیاری کر رہے ہیں۔انٹیلی جنس معلومات اور تکنیکی تجزیے کی بنیاد پر سی ٹی ڈی اور ضلعی پولیس نے متعلقہ انٹیلی جنس ادارے کی ٹیم کے ہمراہ گڑھی شیرداد ورسک روڈ میں کارروائی شروع کی۔آپریشن کے دوران علاقے میں موثر ناکہ بندی کی گئی جبکہ ڈرون کے ذریعے بھی نگرانی جاری رہی۔کارروائی کے دوران ایک دہشتگرد چھت پر پہنچا اور سی ٹی ڈی پارٹی پر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہونے کی کوشش کی، جس پر اہلکاروں نے جوابی کارروائی کی۔فائرنگ کے تبادلے میں سی ٹی ڈی کانسٹیبل محمد افاق شہید جبکہ 3دیگر کانسٹیبل زخمی ہوگئے۔پولیس کے مطابق سی ٹی ڈی اہلکاروں کی جوابی کارروائی میں فائرنگ کرنے والا دہشتگرد ہلاک کردیا گیا۔پریس ریلیز کے مطابق ہلاک دہشتگرد کے قبضے سے 3ہیڈ بینڈز بھی برآمد ہوئے، جن پر مذہبی عبارت درج تھی۔پولیس کا کہنا ہے کہ کارروائی میں موجود باقی 2 مبینہ خودکش حملہ آوروں کی گرفتاری کے لیے سرچ اینڈ کلیئرنس آپریشن جاری ہے، جبکہ علاقے میں اضافی نفری تعینات کرکے سرچ آپریشن کا دائرہ بھی بڑھایا جا رہا ہے۔پریس ریلیز کے مطابق آپریشن کی کمانڈ ایڈیشنل آئی جی کاؤنٹر ٹیررزم ڈیپارٹمنٹ خیبرپختونخوا نے خود کی۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید اور ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے آپریشن میں حصہ لینے والے افسران اور اہلکاروں کی ہمت و حوصلے کو سراہتے ہوئے کہا کہ دہشتگردوں کے عزائم ناکام بنانے کے لیے کارروائیاں جاری رکھی جائیں گی۔
پشاور میں دہشتگردی کا بڑا منصوبہ ناکام، خودکش حملہ آور ہلاک، سی ٹی ڈی اہلکار شہید
11
