(سی بی این پاکستان) پاکستان میں زیرحراست 389 افغان شہری رواں ہفتے رہا کرکے افغانستان واپس بھیج دیئے گئے، افغان طالبان کی وزارتِ مہاجرین و وطن واپسی کے مطابق واپس جانے والوں میں خاندان، بچے اور انفرادی افراد شامل ہیں۔افغان وزارتِ مہاجرین و وطن واپسی کے مطابق پاکستان سے رہا ہونے والے 389 افغان شہری جو وطن واپس پہنچے ان میں سے 329 افراد طورخم بارڈر کے راستے افغانستان پہنچے، جبکہ مزید 60 افغان شہری سپین بولدک کے راستے افغانستان واپس پہنچے۔افغان وزارت کے مطابق پاکستان سے واپس جانے والوں میں ایسے خاندان، بچے اور انفرادی افراد شامل ہیں جو مختلف مدت تک پاکستان میں زیرحراست رہے۔وزارت کے مطابق افغانستان پہنچنے کے بعد واپس آنے والے شہریوں کو ان کے آبائی علاقوں کی جانب روانہ کر دیا گیا۔افغان وزارتِ مہاجرین کے مطابق پاکستان کے مختلف شہروں میں گزشتہ چند ماہ سے افغان شہریوں کی گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ متعدد افراد کو حراست میں لینے کے بعد افغانستان واپس بھیجا جا چکا ہے۔رپورٹس کے مطابق مزید افغان شہری اب بھی پاکستان میں قائم ان مراکز میں زیرحراست ہیں جو افغان شہریوں کی واپسی کے لیے مختص کیے گئے ہیں۔
پاکستان سے 389 افغان شہری رہا، طورخم اور سپین بولدک کے راستے افغانستان پہنچ گئے
19
