(سی بی این پاکستان)ضلع بنوں میں فائرنگ اور بم دھماکے کے مختلف واقعات میں 2 افراد قتل جبکہ 4 کم سن بچے زخمی ہوئے ہیں۔پولیس کے مطابق تھانہ غوریوالہ کی حدود دریائے کرم غاڑہ، نزد بھرتی مچن خیل میں قائم خانہ بدوش خیمہ بستی میں مبینہ طور پر شفار علی ولد میرجنان اور گلاپ ولد شفار علی ساکنان مداخیل نے فائرنگ کرکے ماشو بی بی زوجہ زار جان کو قتل کردیا۔فائرنگ کی زد میں آکر مقتولہ کے 2 کم سن بیٹے رمضان اور لال بھی زخمی ہوگئے، جبکہ فائرنگ کے بعد ملزمان موقع سے فرار ہوگئے۔پولیس کے مطابق ابتدائی طور پر واقعے کی وجہ عداوت اور کتے کے بھونکنے پر پیدا ہونے والا تنازع بتائی گئی ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائی شروع کردی ہے۔دوسرے واقعے میں تھانہ جانی خیل کی حدود نصری خیل جانی خیل میں 4 نامعلوم مسلح نقاب پوش افراد نے فائرنگ کرکے 24 سالہ محمد پیر ولد گل جنان کو قتل کردیا۔پولیس کے مطابق واقعے کی وجہ عداوت تاحال معلوم نہیں ہوسکی، مقتول کے رشتہ دار گل ولی ولد گل جنان کی رپورٹ پر مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔دریں اثنا تھانہ بکاخیل کی حدود نرمی خیل بکاخیل میں ایک گھر کے اندر بم دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں 2 کم سن بچے عزیر ولد زاہد خان اور فواد ولد اسد اللہ زخمی ہوگئے۔زخمی بچوں کو فوری طور پر ڈی ایچ کیو ہسپتال منتقل کردیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد فراہم کی گئی۔پولیس نے تینوں واقعات کے الگ الگ مقدمات درج کرکے شواہد اکٹھے کرنے اور ملزمان کا سراغ لگانے کے لیے تفتیش شروع کردی ہے۔
بنوں: مختلف واقعات میں 2 افراد قتل، 4 کم سن بچے زخمی
27
