پشاور:(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا میں گزشتہ روز جاری تیز بارشوں کے باعث مختلف اضلاع میں گھروں کی چھتیں اور دیواریں گرنے کے واقعات میں 2افراد جاں بحق جبکہ 3زخمی ہوگئے۔پی ڈی ایم اے کی یکم ستمبر 2026 کی نقصانات سے متعلق رپورٹ کے مطابق جاں بحق افراد میں ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہیں، جبکہ زخمیوں میں ایک مرد، ایک خاتون اور ایک بچہ شامل ہے۔پی ڈی ایم اے کے مطابق بارشوں کے باعث صوبے میں اب تک 9گھروں کو نقصان پہنچا ہے، جن میں 5گھروں کو جزوی جبکہ 4 گھروں کو مکمل نقصان پہنچا اور وہ منہدم ہوگئے۔رپورٹ کے مطابق بارشوں سے ہونے والے یہ حادثات بونیر، مردان، مہمند اور شانگلہ کے مختلف علاقوں میں پیش آئے۔پی ڈی ایم اے، ریسکیو 1122، ضلعی انتظامیہ اور دیگر متعلقہ ادارے باہمی رابطے میں ہیں جبکہ متاثرہ علاقوں میں امدادی سرگرمیاں جاری ہیں۔ڈی جی پی ڈی ایم اے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ بلا ضرورت سفر سے گریز کریں، حساس سیاحتی مقامات کا رخ نہ کریں اور حکومتی اداروں کی جانب سے جاری کیے جانے والے موسمی الرٹس اور ایڈوائزری پر عمل کریں۔پی ڈی ایم اے کا ایمرجنسی آپریشن سینٹر مکمل طور پر فعال ہے، جبکہ شہریوں سے کہا گیا ہے کہ کسی بھی ناخوشگوار واقعے، موسمی صورتحال یا ہنگامی صورت حال سے متعلق فوری طور پر متعلقہ اداروں کو اطلاع دیں۔
خیبرپختونخوا میں بارشوں نے تباہی مچا دی، 2افراد جاں بحق، کئی مکانات منہدم
38
