Home پاکستانجشنِ آزادی: اسلامیہ کالج پشاور میں شاندار دوستانہ ہاکی میچ، پشاور ٹیم فاتح

جشنِ آزادی: اسلامیہ کالج پشاور میں شاندار دوستانہ ہاکی میچ، پشاور ٹیم فاتح

by adnan Shahid

نوجوانوں کو تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے مواقع فراہم کرنا وقت کی ضرورت ہے، وائس چانسلر،یومِ آزادی پر ہاکی میچ کا انعقاد خوش آئند، قومی کھیل دوبارہ عروج حاصل کرسکتا ہے، طارق وحید

(سی بی این سپورٹس)جشنِ آزادی پاکستان کے سلسلے میں اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور میں اسلامیہ کالج پشاور اور صوابی ہاکی کلب کے مابین شاندار دوستانہ ہاکی میچ کا انعقاد کیا گیا۔ دلچسپ اور سنسنی خیز مقابلے میں اسلامیہ کالج پشاور نے صوابی ہاکی کلب کو 4-1 سے شکست دے کر کامیابی حاصل کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی وائس چانسلر اسلامیہ کالج یونیورسٹی پشاور پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی تھے، جبکہ مختلف مکاتبِ فکر سے تعلق رکھنے والی شخصیات، سینئر صحافیوں، کھیلوں سے وابستہ افراد، طلبہ اور ہاکی شائقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔اس موقع پر وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور اسلامیہ کالج پشاور کا تعلق ایک لازوال تاریخی داستان ہے۔ قائداعظم محمد علی جناح نے اسلامیہ کالج پشاور کے تین تاریخی دورے کیے۔ قیامِ پاکستان سے قبل انہوں نے اسلامیہ کالج کے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے انہیں تحریکِ پاکستان میں بھرپور کردار ادا کرنے کی تلقین کی، جبکہ قیامِ پاکستان کے بعد انہوں نے اسلامیہ کالج کے طلبہ کا شکریہ ادا کیا۔انہوں نے کہا کہ قائداعظم کی اسلامیہ کالج سے گہری وابستگی کا اندازہ اس بات سے بھی لگایا جاسکتا ہے کہ انہوں نے اپنی وصیت میں اپنی جائیداد کا ایک تہائی حصہ اسلامیہ کالج پشاور کے لیے وقف کیا۔ یہ تاریخی تعلق اسلامیہ کالج کے لیے اعزاز بھی ہے اور ایک بڑی قومی ذمہ داری بھی۔پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی نے کہا کہ 14 اگست صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ اپنے وطن کے لیے مثبت سوچ، محنت، اتحاد اور ذمہ داری کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کا دن ہے۔ نوجوان ملک کا قیمتی سرمایہ ہیں اور انہیں تعلیم کے ساتھ کھیلوں کے میدان میں بھی بھرپور مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ اسلامیہ کالج پشاور قومی کھیلوں کے فروغ اور نوجوانوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔اس موقع پر ہم نیٹ ورک کے بیورو چیف اور سینئر صحافی طارق وحید نے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر اسلامیہ کالج پشاور کے تاریخی میدان میں قومی کھیل ہاکی کا انعقاد انتہائی خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج ہاکی کو اس تاریخی ادارے میں دیکھ کر محسوس ہوتا ہے کہ قومی کھیل ایک بار پھر اپنے کھوئے ہوئے مقام کی جانب بڑھ سکتا ہے۔ انہوں نے اسلامیہ کالج انتظامیہ کی جانب سے کھیلوں کے فروغ کے لیے کی جانے والی کوششوں کو سراہا۔انٹرنیشنل ہاکی ایمپائر اور میچ منیجر فیضی نے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر احمد الرحمان سلجوقی اور ڈائریکٹر سپورٹس علی ہوتی کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یومِ آزادی کے موقع پر دوستانہ ہاکی میچ کا انعقاد ایک بہترین اور مثبت اقدام ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایسی سرگرمیاں نوجوانوں میں کھیلوں کا شوق پیدا کرنے کے ساتھ ساتھ قومی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذبے کو بھی فروغ دیتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ اسلامیہ کالج پشاور میں کھیلوں کے لیے سازگار ماحول اور قومی سطح کی سرگرمیوں کا انعقاد قابلِ تحسین ہے، جس سے مستقبل میں مزید باصلاحیت کھلاڑی سامنے آنے کی امید ہے۔تقریب کے اختتام پر شرکا نے قومی کھیل ہاکی کے فروغ، نوجوانوں کو کھیلوں کے بہتر مواقع فراہم کرنے اور پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔