پشاور(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا کے وزیر اطلاعات شفیع جان نے کہا ہے کہ شہید سب کے سانجھے اور پوری قوم کے مشترکہ اثاثہ ہوتے ہیں،مولانا فضل الرحمان کے حالیہ بیان کو غلط انداز میں پیش کیا جا رہا ہے۔پشاور میں محکمہ اوقاف و مذہبی امور کی کارکردگی سے متعلق مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اطلاعات شفیع جان اور وزیر مذہبی امور صاحبزادہ عدنان قادری نے محکمہ کی سالانہ کارکردگی، مدارس کی ڈیجیٹلائزیشن، اوقاف اصلاحات اور اقلیتی برادری کے لیے مختلف ترقیاتی منصوبوں کی تفصیلات پیش کیں۔شفیع جان نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت اپنی کارکردگی باقاعدگی سے میڈیا کے سامنے پیش کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہ صوبے کے رجسٹرڈ مدارس میں جدید کمپیوٹر نظام اور لائبریریوں کے قیام پر کام جاری ہے جبکہ مدارس رجسٹریشن کے معاملے پر مولانا فضل الرحمان بھی حکومتی موقف سے متفق ہیں۔وزیر مذہبی امور صاحبزادہ عدنان قادری نے بتایا کہ صوبے میں اس وقت 16ہزار 818 آئمہ کرام کو اعزازیہ دیا جا رہا ہے، جبکہ رجسٹرڈ مدارس میں 50جدید کمپیوٹر لیبارٹریاں قائم کی جا رہی ہیں اور 210مدارس میں لائبریریوں کا منصوبہ مکمل ہو چکا ہے۔انہوں نے بتایا کہ مدارس کے طلبہ کے لیے رحمت اللعالمین اسکالرشپ پروگرام جاری ہے، ایک ہزار طلبہ اور ایک ہزار اساتذہ کی تربیت مکمل کی جا چکی ہے جبکہ صوبے بھر میں مزید ہزاروں اساتذہ اور طلبہ کی تربیت جاری ہے۔عدنان قادری کے مطابق محکمہ اوقاف کی املاک کی ڈیجیٹلائزیشن مکمل کی جا چکی ہے، اوقاف کی اربوں روپے مالیت کی جائیدادوں کی نقشہ سازی اور پروفائلنگ جاری ہے جبکہ تاریخی مساجد اور مزارات کی بحالی کے لیے قانونی اور مالی بنیاد مزید مضبوط بنائی جا رہی ہے۔انہوں نے بتایا کہ صوبائی حکومت نے اقلیتی برادری کی فلاح کے لیے ترقیاتی بجٹ میں 122فیصد اضافہ کیا ہے، اقلیتی طلبہ کے لیے وظائف، فنی تربیت، سی ایس ایس و پی ایم ایس کی تیاری، مذہبی عبادت گاہوں کی بحالی، قبرستانوں اور شمشان گھاٹوں کے لیے اراضی کی خریداری، بین المذاہب ہم آہنگی کے پروگرام اور دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کے لیے مالی امداد سمیت متعدد منصوبوں پر عملدرآمد جاری ہے۔صوبائی وزیر نے مزید بتایا کہ دہشت گردی سے متاثرہ اقلیتی خاندانوں کی بحالی کے لیے قائم اینڈومنٹ فنڈ کی سیڈ منی کو بڑھا کر 40کروڑ روپے کر دیا گیا ہے، جبکہ کیلاش برادری کے ثقافتی ورثے کے تحفظ کے لیے 10کروڑ روپے کا خصوصی اینڈومنٹ فنڈ بھی قائم کیا گیا ہے۔پریس کانفرنس میں حکومتی وزراء نے دعویٰ کیا کہ مدارس کی جدید خطوط پر ترقی، اوقاف کے نظام میں شفافیت اور اقلیتی برادری کی فلاح و بہبود کے لیے مختلف منصوبوں پر تیزی سے عمل جاری ہے۔
شہید سب کے سانجھے اور پوری قوم کا مشترکہ اثاثہ ہوتے ہیں: شفیع جان
20
