(سی بی این پاکستان) خیبرپختونخوا اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے ایم ٹی آئی حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بے ضابطگیوں کے خلاف تحقیقات شروع کر دیں، اور اس سلسلے میں اہم ریکارڈ طلب کر لیا۔صوبائی اینٹی کرپشن اسٹیبلشمنٹ نے شکایات موصول ہونے کے بعد حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کے خلاف باقاعدہ تحقیقات شروع کرتے ہوئے اہم ریکارڈ طلب کر لیا ہے۔ابتدائی شکایات میں مبینہ کرپشن، بھرتیوں میں بے ضابطگیوں اور اختیارات کے ناجائز استعمال کے الزامات شامل ہیں، جن کی جانچ کے لیے اینٹی کرپشن نے متعلقہ دستاویزات طلب کی ہیں۔اینٹی کرپشن کی جانب سے چیف انٹرنل آڈیٹر، ڈائریکٹر فنانس اور ڈائریکٹر پروکیورمنٹ کے عہدوں پر ہونے والی تقرریوں کا مکمل ریکارڈ طلب کیا گیا ہے۔تحقیقات کے لیے اینٹی کرپشن نے ادارے کو ہدایت کی ہے کہ تقرریوں کے اشتہارات، سکریننگ لسٹ، شارٹ لسٹ، میرٹ لسٹ، انٹرویو کا مکمل ریکارڈ، امیدواروں کی تعلیمی اسناد، تجربے کے سرٹیفکیٹس اور سلیکشن کمیٹی کی کارروائی کے حوالے سے مکمل دستاویزات فراہم کئے جائیں۔اینٹی کرپشن حکام کے مطابق مطلوبہ ریکارڈ کی بروقت فراہمی سے تحقیقات کو منطقی انجام تک پہنچانے میں مدد ملے گی، جبکہ تاحال حیات آباد میڈیکل کمپلیکس کی انتظامیہ کی جانب سے ان الزامات یا تحقیقات کے حوالے سے کوئی باضابطہ مؤقف سامنے نہیں آیا۔
حیات آباد میڈیکل کمپلیکس میں مبینہ بے ضابطگیوں کی تحقیقات، اہم ریکارڈ طلب
14
