(سی بی این پاکستان)کوہستان سکینڈل میں گرفتار مرکزی ملزم قیصر اقبال کے مبینہ فرنٹ مین نعمان افضل کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ مکمل ہونے کے بعد احتساب عدالت نے جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل کرنے کا حکم دے دیا۔نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ نعمان افضل مرکزی ملزم قیصر اقبال کا مبینہ فرنٹ مین ہے، جس کے نام پر اسلام آباد میں کروڑوں روپے مالیت کے اثاثے بنائے گئے۔نیب کے مطابق ملزم کے نام پر خریدی گئی تمام جائیدادیں اور اثاثے منجمد کر دیے گئے ہیں۔نیب ذرائع کے مطابق نعمان افضل کے خلاف 16 کروڑ روپے سے زائد مالیت کے مالی معاملات کی انکوائری جاری ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ملزم کو 14 روز قبل لاہور سے گرفتار کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا گیا۔ریمانڈ مکمل ہونے پر ملزم کو احتساب عدالت میں پیش کیا گیا، جہاں عدالت نے جسمانی ریمانڈ میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کرتے ہوئے نعمان افضل کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیجنے کا حکم جاری کر دیا۔نیب کی جانب سے مقدمے کی مزید تفتیش جاری ہے، مالی بے ضابطگیوں اور مبینہ غیر قانونی اثاثوں سے متعلق مزید پیش رفت بھی متوقع ہے۔
کوہستان سکینڈل: مرکزی ملزم کا فرنٹ مین نعمان افضل جوڈیشل ریمانڈ پر جیل منتقل
12
