Home پاکستانپی ٹی آئی کا ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف آئینی جنگ لڑنے کا اعلان

پی ٹی آئی کا ایمرجنسی اور گورنر راج کے خلاف آئینی جنگ لڑنے کا اعلان

by adnan Shahid

پشاور:(سی بی این پاکستان)پاکستان تحریک انصاف خیبر پختونخوا کے سیکرٹری اطلاعات شوکت یوسف زئی کا کہنا ہے کہ ایمرجنسی اور گورنر راج کا نفاذ جمہوریت پر حملہ ہے اور تحریک انصاف ان اقدامات کے خلاف آئینی و قانونی جنگ لڑے گی۔انہوں نے حکومت پر زور دیا ہے کہ وہ اپنا فیصلہ واپس لے، سیاسی مذاکرات بحال کرے اور پی ٹی آئی کارکنوں کے خلاف کریک ڈاؤن بند کرے۔اپنے ردعمل میں شوکت یوسف زئی نے کہا کہ مذاکرات کے ذریعے معاملات طے ہونے کی کوشش جاری تھی، تاہم حکومت نے جلد بازی سے کام لیا، ان کے مطابق تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر متفقہ پالیسی بنائی جانی چاہیے تھی۔شوکت یوسف زئی نے دعویٰ کیا کہ معاملات مذاکرات کے ذریعے طے پا رہے تھے اور مولانا فضل الرحمان بھی اس حوالے سے تصدیق کر چکے ہیں، ان کا کہنا تھا کہ اگر حکومت مولانا فضل الرحمان کی بات مان لیتی تو ایسے غیر جمہوری اقدام کی نوبت نہ آتی۔پی ٹی آئی رہنما نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ ایمرجنسی اور گورنر راج کے فیصلے پر نظرثانی کرے اور سیاسی اختلافات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کی کوشش کرے۔صوبائی ترجمان پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف کبھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں رکاوٹ نہیں بنی بلکہ جماعت نے ہمیشہ دہشت گردی کی مذمت کی ہے۔ ان کے مطابق دہشت گردی کے خلاف جنگ میں کامیابی کے لیے عوامی حمایت ضروری ہے اور اس مقصد کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لینا چاہیے۔انہوں نے پی ٹی آئی کو دہشت گردوں کا سہولت کار قرار دینے پر بھی اعتراض کیا اور کہا کہ ایسے الزامات جماعت کے عوامی مینڈیٹ کی توہین ہیں، ان کا مؤقف تھا کہ وزراء کو اپنی ناکامیوں کا سارا ملبہ تحریک انصاف پر نہیں ڈالنا چاہیے۔شوکت یوسف زئی نے ایمرجنسی اور گورنر راج کے نفاذ کو جمہوریت پر حملہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف اپنے مطالبات کو جائز اور قانونی سمجھتی ہے اور ان کے لیے سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔انہوں نے خبردار کیا کہ حکومت کے اس فیصلے سے ملک میں سیاسی عدم استحکام بڑھ سکتا ہے، ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پرامن سیاسی جدوجہد پر یقین رکھتی ہے اور اس معاملے پر آئینی و قانونی راستہ اختیار کرے گی۔پی ٹی آئی رہنما نے سیاسی اور قانونی جدوجہد کرنے والے کارکنوں کی گرفتاریوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ پرامن احتجاج کرنے والے کارکنوں کے خلاف طاقت کا استعمال نہ کیا جائے اور فوری طور پر کریک ڈاؤن بند کیا جائے۔شوکت یوسف زئی نے اس معاملے میں پاکستان پیپلز پارٹی کے کردار پر بھی تنقید کی اور اسے منافقانہ قرار دیا۔