(سی پی این پا کستان)پشاور میں خواجہ سرا برادری ایک بار پھر فائرنگ کے واقعے کا نشانہ بن گئی۔پولیس کے مطابق فقیر آباد میں اقبال پلازہ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم ملزمان نے فائرنگ کر دی، جس کے نتیجے میں دو خواجہ سرا، مسکان اور نیلم زخمی ہو گئے۔دونوں زخمیوں کو فوری طور پر ہسپتال منتقل کر دیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی جا رہی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کر لیے گئے ہیں جبکہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں،یہ واقعہ ایسے وقت میں پیش آیا ہے جب خیبر پختونخوا میں خواجہ سرا برادری کی سکیورٹی پر پہلے ہی سنگین سوالات اٹھائے جا رہے ہیں۔ رواں سال بھی پشاور میں خواجہ سراؤں پر حملوں کے متعدد واقعات سامنے آ چکے ہیں۔ رواں برس اپریل میں فقیر آباد ہی کے علاقے میں ایک خواجہ سرا ”سارہ” کو فائرنگ کر کے قتل کر دیا گیا تھا، جبکہ جنوری میں حسن گڑھی کے علاقے میں خواجہ سرا ”بجلی” کو بھی نامعلوم افراد نے گولیاں مار کر قتل کر دیا تھا۔خواجہ سرا برادری کے رہنماؤں کا کہنا ہے کہ 2015 سے اب تک خیبر پختونخوا میں 170 سے زائد خواجہ سرا قتل اور سینکڑوں زخمی ہو چکے ہیں، لیکن بیشتر مقدمات میں ملزمان قانون کی گرفت سے بچ نکلتے ہیں،تازہ واقعے کے بعد بھی خواجہ سرا برادری نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ان کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے اور فائرنگ میں ملوث ملزمان کو جلد از جلد گرفتار کر کے قانون کے کٹہرے میں لایا جائے،
پشاور میں خواجہ سراؤں پر ایک اور حملہ، فائرنگ کے نتیجے میں دو خواجہ سرا زخمی،
13
