Home پاکستانپشاور: شاہی باغ سے کروڑوں کا سامان غائب، 14 ملازمین سے پوچھ گچھ

پشاور: شاہی باغ سے کروڑوں کا سامان غائب، 14 ملازمین سے پوچھ گچھ

by adnan Shahid

(سی بی این پاکستا ن)پشاور کے تاریخی شاہی باغ سے کروڑوں کا سامان غائب، قیمتی سامان کی مبینہ چوری کے معاملے میں تحقیقات کا دائرہ مزید وسیع کر دیا گیا، حکام نے 14 ملازمین کو شاملِ تفتیش کر لیا، جبکہ چار کباڑیوں کو بھی نوٹس جاری کرتے ہوئے متعلقہ ریکارڈ طلب کر لیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق صوبائی حکومت نے شاہی باغ میں مسلسل سامنے آنے والی مبینہ چوری کے واقعات اور قیمتی سرکاری سامان کے غائب ہونے کا سخت نوٹس لیا ہے۔اس سلسلے میں لوکل گورنمنٹ ڈیپارٹمنٹ کے ذریعے میٹروپولیٹن انتظامیہ سے واقعے کی تفصیلی رپورٹ طلب کر لی گئی ہے تاکہ ذمہ دار عناصر کا تعین کیا جا سکے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ حال ہی میں شاہی باغ سے کروڑوں روپے مالیت کے جھولے غائب ہونے کے انکشاف کے بعد متعلقہ حکام نے باقاعدہ انکوائری شروع کر دی۔تحقیقات کے دوران دن اور رات کی شفٹوں میں ڈیوٹی انجام دینے والے 14 ملازمین کو طلب کرکے ان سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، جبکہ مشکوک قرار دیے گئے افراد کے کردار کا بھی تفصیلی جائزہ لیا جا رہا ہے۔تحقیقات کا دائرہ صرف ملازمین تک محدود نہیں رکھا گیا بلکہ مختلف کباڑیوں سے بھی معلومات حاصل کی جا رہی ہیں۔ذرائع کے مطابق چار کباڑیوں کو نوٹس جاری کیے گئے ہیں اور ان سے خرید و فروخت سے متعلق ریکارڈ طلب کیا گیا ہے تاکہ مبینہ طور پر غائب ہونے والے سامان کا سراغ لگایا جا سکے۔میٹرو پولیٹن انتظامیہ نے مستقبل میں ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے شاہی باغ کے مختلف مقامات پر جدید سی سی ٹی وی سکیورٹی کیمرے نصب کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔حکام کا کہنا ہے کہ سکیورٹی نظام کو مزید مؤثر بنانے کے بعد سرکاری املاک کی نگرانی کو بہتر بنایا جائے گا۔