پشاور:(سی بی این پاکستان)تھانہ بڈھ بیر کی پولیس ٹیم پر نامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ کے نتیجے میں قبروں کی بے حرمتی کے مقدمے میں زیرِ حراست ملزم ہلاک ہوگیا۔پولیس کے مطابق ملزم سلمان ولد افغان کو شیخان قبرستان میں جائے وقوعہ کی نشاندہی کے لیے لے جایا جا رہا تھا کہ تین موٹر سائیکلوں پر سوار 6 نامعلوم مسلح ملزمان نے پولیس ٹیم پر اچانک فائرنگ کردی۔پولیس کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے نتیجے میں سرکاری گاڑی کو نقصان پہنچا، جبکہ ایک اہلکار کی بلٹ پروف جیکٹ اور ہیلمٹ بھی متاثر ہوئے۔فائرنگ کی زد میں آکر زیرِ حراست ملزم سلمان شدید زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جا رہا تھا تاہم وہ راستے میں دم توڑ گیا۔پولیس کے مطابق حملہ آور فائرنگ کے بعد فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے، جن کی گرفتاری کے لیے علاقے میں سرچ آپریشن جاری ہے۔واضح رہے کہ مذکورہ ملزم کو گزشتہ روز شیخان قبرستان میں ایک قبر کی مبینہ بے حرمتی کی کوشش کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔پولیس کے مطابق دورانِ تفتیش ملزم نے 10 قبروں کی بے حرمتی کا اعتراف کیا تھا، تاہم ان دعوؤں کی قانونی حیثیت کا تعین تفتیش اور عدالتی کارروائی کے ذریعے ہوگا۔
پشاور: بڈھ بیر میں پولیس ٹیم پر حملہ، قبروں کی بے حرمتی کیس کا ملزم ہلاک
17
