Home جرم و سزامتھرا میں اندھے قتل کا معمہ حل، سوتیلے بیٹے کے قتل میں باپ ملوث نکلا،

متھرا میں اندھے قتل کا معمہ حل، سوتیلے بیٹے کے قتل میں باپ ملوث نکلا،

by adnan Shahid

پشاور کے علاقے متھرا میں تین ہفتے قبل پیش آنے والے شہری کے اندھے قتل کے حوالے سے پولیس نے تحقیقات مکمل کر لیں، پولیس رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ مقتول سجاد کو اس کے سوتیلے والد نے اپنے بھائیوں کے ساتھ مل کر فائرنگ کرکے قتل کیا،پولیس نے کیس میں پیش رفت کرتے ہوئے تین ملزمان سلمان، ناصر اور ہلال کو گرفتار کر لیا ہے جبکہ مزید تفتیش جاری ہے۔پولیس کے مطابق یہ واقعہ 10 جون کو تھانہ متھرا کی حدود میں واقع ہندو کسی روڈ کے علاقے میں پیش آیا تھا، جہاں فائرنگ کے نتیجے میں سجاد کو قتل کیا گیاابتدائی طور پر یہ کیس ایک اندھا قتل تھا جس کی کوئی واضح وجہ سامنے نہیں آ رہی تھی، تاہم پولیس نے خصوصی ٹیم تشکیل دے کر تفتیش شروع کی۔پولیس کے مطابق کیس کو حل کرنے کے لیے مقتول کے کال ڈیٹا ریکارڈ سمیت مختلف تکنیکی پہلوؤں کا جائزہ لیا گیا، جس کے بعد ملزمان تک پہنچنا ممکن ہوا۔تفتیش کے دوران ملزمان نے دعویٰ کیا کہ یہ واقعہ خواتین سے متعلق تنازع کا نتیجہ تھا۔پولیس کے مطابق ایک گرفتار ملزم نے کئی سال قبل مقتول کی والدہ سے شادی کی تھی، تاہم جب مقتول بڑا ہوا تو اس نے اس شادی پر اعتراضات اٹھائے، جس کے بعد مبینہ طور پر اسے راستے سے ہٹانے کی منصوبہ بندی کی گئی۔
ادھر تھانہ بڈھ بیر پولیس نے سیفن نہر سے ایک نامعلوم شہری کی لاش برآمد کی ہے۔
پولیس کے مطابق لاش کے پاس کوئی شناختی دستاویز موجود نہیں تھی، جس کے باعث فوری طور پر شناخت ممکن نہ ہو سکی۔لاش کے جسم پر کسی قسم کے واضح زخم کے نشانات بھی موجود نہیں تھے، جس کے باعث موت کی اصل وجہ جاننے کے لیے پوسٹ مارٹم کا فیصلہ کیا گیا۔پولیس نے بتایا کہ سوشل میڈیا اور دیگر ذرائع کی مدد سے لاش کی شناخت کی کوشش کی جا رہی ہے، ورثاء کے سامنے آنے کے بعد کیس سے متعلق مزید حقائق سامنے آئیں گے۔