اسلام آباد: (سی بی این پاکستان) بانی پی ٹی آئی عمران خان کو شفا انٹرنیشنل ہسپتال میں معائنے اور مختصر قیام کے بعد واپس اڈیالا جیل منتقل کر دیا گیا۔کچھ دیر قبل بانی پی ٹی آئی کو اڈیالا جیل سے ہسپتال لایا گیا تھا، تاہم اب جیل ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کو دوبارہ ان کے سیل میں شفٹ کر دیا گیا ہے۔شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں، سپریم کورٹ آف پاکستان نے بانی پی ٹی آئی کو جیل سے ہسپتال منتقل کرنے اور میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم دیا تھا۔قبل ازیں بانی تحریک انصاف کو انتہائی سخت سکیورٹی میں جیل سے ہسپتال سے روانہ کیا گیا تھا، شفا انٹرنیشنل ہسپتال کے باہر پولیس کی بھاری نفری تعینات تھی، ہسپتال میں بانی پی ٹی آئی کے علاج کیلئے تمام انتظامات مکمل کیے گئے تھے۔عمران خان کی بہنیں اور معالج اڈیالہ جیل پہنچے تھے، ڈاکٹر عظمیٰ خان اور ڈاکٹر فیصل گیٹ نمبر 5 سے اڈیالہ جیل کے اندر داخل ہوئے، جبکہ نورین نیازی جیل کے باہر موجود رہیں۔عمران خان کی جیل منتقلی سے متعلق وزیر قانون اعظم نذیر تارڑ نے بتایا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی اسلام آباد انتظامیہ کی ذمہ داری ہے، وہ معاملات دیکھ رہی ہے۔وزیراعظم کے سیاسی مشیر رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا بانی پی ٹی آئی کو جو ریلیف دیا گیا وہ قانون کے مطابق نہیں، نواز شریف کو سروسز ہسپتال منتقل کیا گیا تھا، نواز شریف ڈاکٹرز کی رپورٹ کے بعد علاج کیلئے بیرون ملک گئے۔خیال رہے کہ سپریم کورٹ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے علاج کیلئے انہیں جیل سے ہسپتال منتقل کرنے کا حکم دیا تھا، سپریم کورٹ کے رجسٹرار آفس نے بانی پی ٹی آئی کی ہسپتال منتقلی کے خلاف دائر نظر ثانی کی درخواست بعض اعتراضات لگا کر واپس کر دی تھی۔
عمران خان شفا ہسپتال میں معائنے کے بعد واپس اڈیالا جیل منتقل
56
previous post
