(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا میں سرکاری ملازمتوں کے لیے مختص خصوصی کوٹہ کے تحت اقلیتی برادری آور خواجہ سراؤں کی غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے،مختلف سرکاری محکموں میں روزگار کے مواقع فراہم کیے جانے کے بعد بڑی تعداد میں امیدواروں نے درخواستیں جمع کرا دی ہیں، جبکہ ان کی جانچ پڑتال کا عمل بھی شروع کر دیا گیا ہے۔ذرائع کے مطابق مختلف سرکاری محکموں میں خواجہ سراؤں اور اقلیتی برادری کے لیے مختص آسامیوں پر اب تک مجموعی طور پر 1700 سے زائد درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔اعداد و شمار کے مطابق ان میں سے 500 سے زائد درخواستیں خواجہ سراؤں اور 1200 سے زیادہ درخواستیں اقلیتی برادری سے تعلق رکھنے والے امیدواروں نے جمع کرائی ہیں،یہ اعداد و شمار خصوصی کوٹہ کے تحت سرکاری ملازمتوں میں بڑھتی ہوئی دلچسپی کی نشاندہی کرتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ خواجہ سراؤں کی درخواستوں کے ساتھ میڈیکل سرٹیفکیٹ سمیت دیگر ضروری دستاویزات بھی طلب کی گئی ہیں۔متعلقہ حکام تمام درخواستوں کا جائزہ میرٹ، مقررہ قواعد و ضوابط اور مطلوبہ دستاویزات کی روشنی میں لے رہے ہیں تاکہ بھرتی کا عمل شفاف انداز میں مکمل کیا جا سکے۔سرکاری ذرائع کے مطابق خصوصی کوٹہ کا مقصد خواجہ سراؤں اور اقلیتی برادری کو سرکاری اداروں میں روزگار کے مساوی مواقع فراہم کرنا اور انہیں قومی ترقی کے عمل میں مؤثر کردار ادا کرنے کا موقع دینا ہے، اسی لئے اقلیتوں اور خواجہ سراؤں کی غیرمعمولی دلچسپی دیکھنے میں آئی ہے۔
سرکاری ملازمتوں میں خواجہ سراؤں کی غیرمعمولی دلچسپی، سینکڑوں درخواستیں موصول
9
