کیلیفورنیا: (سی بی این پاکستان) امریکا میں منعقد ہونے والے مشہور ورلڈز گلیئسٹ ڈاگ مقابلے میں 6 سالہ پگ جِنی لو نے 2026 کا اعزاز اپنے نام کر لیا۔مقابلے کا 50 واں سالانہ ایونٹ 14 اگست کو امریکی ریاست کیلیفورنیا کے شہر سانتا روزا میں سونوما کاؤنٹی فیئر گراؤنڈز میں منعقد ہوا، جس میں مختلف نسلوں اور منفرد شکل و صورت رکھنے والے کتوں نے شرکت کی، تقریب کو دیکھنے کے لیے بڑی تعداد میں لوگ بھی موجود تھے۔جِنی لو کی کامیابی پر اس کی مالکن مشیل گریڈی کو 5 ہزار ڈالر کی انعامی رقم دی گئی، جو تقریباً 13 لاکھ 86 ہزار پاکستانی روپے بنتے ہیں، دوسرے نمبر پر پنکی نامی چیہواہوا اور پومیرینین مکس کتا رہا، جسے 3 ہزار ڈالر جبکہ تیسرے نمبر پر آنے والے اوٹو نامی چیہواہوا مکس کو 2 ہزار ڈالر کا انعام دیا گیا۔جِنی لو کو چار سال قبل پگ ریسکیو کے ذریعے گود لیا گیا تھا، مقابلے کے منتظمین کے مطابق گود لیے جانے کے بعد سے وہ اپنے خاندان کے لیے خوشی، شرارت اور محبت کا مستقل ذریعہ بنا ہوا ہے۔مالکن مشیل گریڈی کے مطابق جِنی لو مقابلے میں شرکت، لوگوں سے ملنے اور تقریب کی مختلف سرگرمیوں میں حصہ لینے کو پسند کرتا ہے، 2026 میں کامیابی حاصل کرنے سے قبل وہ تین مرتبہ یہ اعزاز جیتنے کی کوشش کر چکا تھا۔ورلڈز گلیئسٹ ڈاگ کے نام پر بعض افراد کو اعتراض بھی ہوتا ہے، تاہم منتظمین کا کہنا ہے کہ مقابلے کا مقصد کتوں کی توہین یا انہیں ان کی شکل کی وجہ سے شرمندہ کرنا نہیں بلکہ ان کی انفرادیت کو اجاگر کرنا ہے۔منتظمین کے مطابق یہ تقریب لوگوں کو یہ پیغام بھی دیتی ہے کہ جانور کی قدر صرف اس کی ظاہری خوبصورتی سے نہیں ہونی چاہیے، بہت سے ایسے کتے بھی ہوتے ہیں جو منفرد شکل و صورت کے باوجود انتہائی محبت کرنے والے اور وفادار ہوتے ہیں اور انہیں ایک محفوظ اور محبت بھرا گھر درکار ہوتا ہے۔سونوما مارین ایگریکلچرل ایسوسی ایشن کی چیف ایگزیکٹو مینڈی کلینڈنن کے مطابق یہ مقابلہ دراصل دنیا کے بدصورت ترین کتے کی تلاش کے بارے میں نہیں، بلکہ گزشتہ 50 برس سے کتوں کی انفرادیت کا جشن منانے، ہمدردی، ریسکیو اور جانوروں کو گود لینے کے پیغام کو فروغ دینے کا ذریعہ ہے۔
دنیا کے سب سے بدصورت ترین کتے نے عالمی مقابلہ جیت لیا
3
