Home پاکستانپشاور بائیکرز کلب کی چوتھی سالگرہ، خیبرپختونخوا بائیکرز ایسوسی ایشن کے قیام کا فیصلہ

پشاور بائیکرز کلب کی چوتھی سالگرہ، خیبرپختونخوا بائیکرز ایسوسی ایشن کے قیام کا فیصلہ

by adnan Shahid

پشاور: (سی بی این پاکستان) پشاور بائیکرز کلب کے زیراہتمام کلب کی چوتھی سالگرہ کے موقع پر پروقار تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ اس موقع پر ڈائریکٹر خیبرپختونخوا کلچر اینڈ ٹورازم اتھارٹی محمد علی سید بطور مہمان خصوصی شریک ہوئے۔ تقریب میں بائیکرز کی بڑی تعداد سمیت مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔ تقریب کے دوران خیبرپختونخوا بھر کے بائیکرز کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کے لیے خیبرپختونخوا بائیکرز ایسوسی ایشن کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔ اس موقع پر ساجد علی خان کو خیبرپختونخوا بائیکرز ایسوسی ایشن کا صدر مقرر کیا گیا۔ پشاور بائیکرز ایسوسی ایشن کے انتخابات میں رفیع خان ایسوسی ایٹ نائب کپتان منتخب ہوئے جبکہ پشاور بائیکرز کلب کے نئے کپتان کے طور پر قاری حسنین عبدالرحمان کی تقرری عمل میں لائی گئی۔ شرکاء نے کلب کی چار سالہ سرگرمیوں اور موٹر سائیکلنگ کے فروغ کے لیے کی جانے والی کاوشوں کو سراہا۔ تقریب کے دوران پشاور بائیکرز کلب کی چوتھی سالگرہ کا کیک بھی کاٹا گیا۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے مہمان خصوصی ڈائریکٹر ٹورازم محمد علی سید نے کہا کہ نشترہال پشاور میں صوبہ اور پاکستان کی سطح پر بائیکرز کو جلد اکٹھا کرکے ایڈونچر ٹورازم کے فروغ پر ایونٹ کا انعقاد مل کر کرینگے تاکہ محفوظ اور ذمہ دارانہ سیاحت کو فروغ دے سکیں۔ انہوں نے کہا کہ چار پاس پر مشتمل ریلی کا انعقاد کیا جائے جس میں لواری ٹاپ، بابو سر ٹاپ، شندور پاس شامل ہوں۔ اس کے علاوہ جو خواتین بائیکرز اس فیلڈ میں آ رہی ہیں ان کیلئے خواتین بائیکرز ونگ کا بھی جلد اعلان کیا جائے۔ تقریب میں ایس پی سٹی ٹریفک پولیس عبدالرحیم خان سمیت دیگر مہمانانِ گرامی نے بھی تقریب میں شرکت کی۔ اس موقع پر خیبرپختونخوا بائیکرز ایسوسی ایشن کی جانب سے عالمی یومِ سیاحت کے موقع پر صوبے میں بڑے پیمانے پر ریلی اور مختلف سرگرمیوں کے انعقاد کا فیصلہ بھی کیا گیا۔ شرکاء کے مطابق 11 ستمبر کو بائیکرز کی ایک ریلی کورمبر جھیل، اپر چترال کے لیے روانہ ہوگی، جس کا مقصد صوبے کے خوبصورت اور دور افتادہ سیاحتی مقامات کو اجاگر کرنا اور موٹر سائیکل ٹورازم کو فروغ دینا ہے۔ تقریب میں پشاور بائیکرز کلب کے تمام ممبران نے شرکت کی اور کلب کی آئندہ سرگرمیوں، بائیکرز کے لیے سہولیات اور خیبرپختونخوا میں موٹر سائیکل ٹورازم کے فروغ کے حوالے سے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔