Home پاکستانسندھ سٹریٹ موومنٹ نے سیاسی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی: شفیع جان

سندھ سٹریٹ موومنٹ نے سیاسی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی: شفیع جان

by adnan Shahid

پشاور(سی بی این پاکستان)سندھ میں جاری پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی سٹریٹ موومنٹ کے تیسرے روز وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی اور پارٹی قیادت آج نواب شاہ کا دورہ کر رہے ہیں۔شفیع جان کے مطابق وزیراعلیٰ سہیل آفریدی سندھ کے مختلف علاقوں میں عوامی اجتماعات سے خطاب کریں گے، اور سانگھڑ، میرپورخاص، ٹنڈو اللہ یار اور حیدرآباد کے مختلف مقامات پر عوام سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا شفیع جان نے دعویٰ کیا ہے کہ اندرون سندھ کے عوام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کے حق میں اپنا فیصلہ سنا دیا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ سندھ سٹریٹ موومنٹ کی کامیابی نے سندھ میں حقیقی سیاسی تبدیلی کی بنیاد رکھ دی ہے، جبکہ عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا اظہار ہے کہ عمران خان کا نظریہ اور تبدیلی کی آواز پورے سندھ تک پہنچ چکی ہے۔شفیع جان نے کہا کہ سندھ کے عوام کی بھرپور شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ صوبے میں سیاسی اجارہ داری کے خاتمے کا وقت قریب آچکا ہے۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سندھ کے عوام روایتی سیاست اور محرومیوں کی سیاست سے نجات چاہتے ہیں اور موجودہ سیاسی صورتحال میں تبدیلی کے خواہاں ہیں۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ اندرون سندھ میں سڑکوں کی خراب حالت اور دیگر بنیادی سہولیات کا فقدان برسوں سے برسر اقتدار جماعت کی ناکام طرز حکمرانی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ان کے مطابق عوامی وسائل پر سیاسی اجارہ داری قائم کرکے سندھ کے عوام کو بنیادی سہولیات سے محروم رکھا گیا، جس کے باعث صوبے کے مختلف علاقوں میں محرومیوں کا احساس بڑھا ہے۔شفیع جان کا کہنا تھا کہ پاکستان تحریک انصاف عمران خان کی قیادت میں سندھ کے عوام کی محرومیوں اور پسماندگی کے خاتمے کے لیے جدوجہد کرے گی۔انہوں نے کہا کہ سندھ میں جاری جلسوں کے دوران عوامی شرکت سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ سندھ میں سیاسی تبدیلی کی خواہش موجود ہے۔وزیر اطلاعات خیبرپختونخوا نے کہا کہ 27 ستمبر کا لانگ مارچ عمران خان کی رہائی اور حقیقی آزادی کی جدوجہد کا فیصلہ کن مرحلہ ہے، لانگ مارچ ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی کی جدوجہد کا ایک نیا باب بھی رقم کرے گا۔انہوں نے پی ٹی آئی کارکنوں اور عوام سے لانگ مارچ میں بھرپور شرکت کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ پارٹی اپنی سیاسی جدوجہد جاری رکھے گی۔