پشاور (عمران یوسف زئی) کرکٹ میں اعداد و شمار بہت کچھ بیان کرتے ہیں، لیکن پوری کہانی کبھی نہیں سناتے۔ کسی بھی ٹیم کی اصل کیفیت اس کے جیتے یا ہارے گئے میچوں سے زیادہ اس سمت سے ظاہر ہوتی ہے جس طرف وہ آگے بڑھ رہی ہو۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے لیے سال 2026 کے پہلے چھ ماہ بھی کچھ ایسی ہی تصویر پیش کرتے ہیں۔ بظاہر نتائج بہت خراب بھی نہیں اور بہت شاندار بھی نہیں، مگر ان نتائج کے پیچھے کئی ایسے سوالات چھپے ہیں جن کے جوابات آنے والے مہینوں میں تلاش کرنا ناگزیر ہوگا۔ قومی ٹیم نے جنوری سے جون تک مجموعی طور پر 20 بین الاقوامی میچز کھیلے۔ ان میں 11 فتوحات حاصل کیں، 8 مقابلوں میں شکست ہوئی جبکہ ایک میچ بارش کی نذر ہوگیا۔ اگر صرف کامیابیوں اور ناکامیوں کا تناسب دیکھا جائے تو یہ کارکردگی اوسط سے بہتر محسوس ہوتی ہے، لیکن جب ان اعداد و شمار کو تینوں فارمیٹس میں تقسیم کیا جائے تو حقیقت کا ایک مختلف رخ سامنے آتا ہے۔ سب سے زیادہ تشویش ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی پر ہوتی ہے۔ دورہ بنگلا دیش کے موقع پر دو ٹیسٹ میچز کی سیریز میں قومی ٹیم کو دونوں مقابلوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ یہ بنگلا دیش کی پاکستان ٹیم کے خلاف ہوم گراؤنڈ میں تاریخ کی پہلی سیریز کی فتح ہے جبکہ 2024 میں وہ یہ کارنامہ پاکستان کی سرزمین پر بھی سرانجام دے چکے ہیں۔ بنگلا دیش کی سرزمین پر یہ محض دو میچ ہارنے کا معاملہ نہیں تھا بلکہ اس نے ایک مرتبہ پھر پاکستان کی ٹیسٹ کرکٹ سے متعلق دیرینہ کمزوریوں کو بے نقاب کر دیا۔ بیٹنگ لائن ایک بار پھر طویل اننگز کھیلنے میں ناکام رہی، مڈل آرڈر دباؤ برداشت نہ کر سکا اور باؤلنگ یونٹ بھی وہ اثر نہ چھوڑ سکا جس کی اس سے توقع کی جاتی ہے۔ اس کے برعکس ون ڈے کرکٹ میں پاکستان کی کارکردگی کسی حد تک متوازن رہی۔ چھ میچز میں تین کامیابیاں اور تین شکستیں اس بات کا ثبوت ضرور ہیں کہ ٹیم میں صلاحیت موجود ہے، لیکن مستقل مزاجی اب بھی ایک خواب بنی ہوئی ہے۔ پاکستان ایشیا کی واحد ٹیم بنی ہے جس نے آسٹریلیا کو مسلسل تین سیریز میں شکست سے دوچار کیا ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف دو اہم فتوحات حوصلہ افزا رہیں، تاہم بنگلا دیش کے ہاتھوں دو شکستوں نے اس تاثر کو کمزور کر دیا۔ مختصر فارمیٹ میں پاکستان نے نسبتاً بہتر کھیل پیش کیا۔ بارہ ٹی ٹوئنٹی میچز میں آٹھ کامیابیاں اس بات کی نشاندہی کرتی ہیں کہ قومی ٹیم اب بھی اس فارمیٹ میں دنیا کی مضبوط ٹیموں میں شمار ہوتی ہے۔ تاہم یہی ٹیم جب بڑے مقابلوں میں مضبوط حریفوں کے سامنے آتی ہے تو اس کی کمزوریاں نمایاں ہو جاتی ہیں۔ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ اس کی واضح مثال ہے۔ پاکستان نے گروپ مرحلے میں سری لنکا، امریکا، نمیبیا اور نیدرلینڈز کو شکست دے کر سپر ایٹ تک رسائی حاصل کی، لیکن بھارت اور انگلینڈ کے خلاف شکست نے ایک مرتبہ پھر یہ احساس دلایا کہ پاکستان ابھی بھی عالمی سطح کے دباؤ والے مقابلوں میں اپنی بہترین کرکٹ پیش کرنے میں کامیاب نہیں ہو پا رہا۔ سپر ایٹ میں انگلینڈ کے ہاتھوں شکست کے ساتھ ہی قومی ٹیم کا سفر اختتام پذیر ہوگیا۔ ورلڈ کپ کے بعد سری لنکا کے خلاف تین ٹی ٹوئنٹی میچز کی سیریز میں دو، ایک سے کامیابی یقیناً خوش آئند رہی، لیکن اصل امتحان اب سرخ گیند کی کرکٹ میں شروع ہونے والا ہے۔ جولائی سے ستمبر تک پاکستان صرف دو غیر ملکی دورے کرے گا، لیکن حیرت انگیز طور پر یہ دونوں دورے ٹیسٹ سیریز کے لئے ہیں۔ گویا رواں سال کے پہلے چھ ماہ میں صرف دو ٹیسٹ اور ڈھائی ماہ میں پانچ ٹیسٹ میچز بہرکیف یہ دونوں دورے قومی ٹیم کے لیے غیر معمولی اہمیت رکھتے ہیں۔ پہلے ویسٹ انڈیز میں دو ٹیسٹ میچز اور اس کے فوراً بعد انگلینڈ میں تین ٹیسٹ میچز۔ یوں محض ڈیڑھ ماہ کے اندر پاکستان کو پانچ ٹیسٹ میچز کھیلنے ہیں۔ ویسٹ انڈیز اگرچہ ماضی جیسی طاقتور ٹیم نہیں رہی، لیکن اپنے ہوم گراؤنڈز پر وہ اب بھی کسی بھی ٹیم کے لیے خطرناک ثابت ہو سکتی ہے۔ تاروبا اور پورٹ آف اسپین کی وکٹیں پاکستان کے بیٹرز اور باؤلرز دونوں کے لیے بڑا امتحان ہوں گی۔اس کے بعد انگلینڈ کا دورہ شروع ہوگا، جو شاید اس سال پاکستان کے لیے سب سے مشکل چیلنج ثابت ہو۔ لیڈز، لارڈز اور برمنگھم جیسے تاریخی میدانوں میں کھیلنا ہر ٹیم کے لیے اعزاز بھی ہوتا ہے اور آزمائش بھی۔ وہاں کی کنڈیشنز، ڈیوک بال، موسم کی تبدیلی اور طویل اسپیلز پاکستان کے بیٹرز کی تکنیک اور باؤلرز کے صبر دونوں کا امتحان لیں گے۔ اگر پاکستان ان پانچ ٹیسٹ میچز میں مثبت نتائج حاصل کرتا ہے تو یہ نہ صرف ٹیسٹ ٹیم کے اعتماد میں اضافہ کرے گا بلکہ عالمی درجہ بندی میں بھی اس کی پوزیشن بہتر ہو سکتی ہے۔ لیکن اگر بنگلا دیش سیریز جیسی کارکردگی دہرائی گئی تو ٹیسٹ کرکٹ میں پاکستان کے مستقبل پر مزید سوالات اٹھیں گے۔ اہم بات یہ بھی ہے کہ آئی سی سی ٹیسٹ چیمپیئن شپ 2025/27 میں پاکستان ٹیم پوائنٹس ٹیبل پر سب سے آخر یعنی نویں نمبر پر موجود ہے۔ پاکستان نے اس سائیکل میں اب تک چار میں سے صرف ایک ٹیسٹ میچ جیتا ہے۔ پاکستان ٹیم نے اگلے پانچ ٹیسٹ میچز میں سے کم سے کم تین میں بھی کامیابی حاصل کر لی تو اس کی پوزیشن بہتر ہو سکتی ہے۔ تاہم ان تمام کرکٹ معاملات سے بھی زیادہ حیران کن پہلو وہ ہے جس پر شاید ابھی تک زیادہ توجہ نہیں دی گئی۔
13 ستمبر کو انگلینڈ کے خلاف آخری ٹیسٹ ختم ہونے کے بعد پاکستان کا سال 2026 کے اختتام تک کوئی بھی بین الاقوامی میچ شیڈول نہیں۔ یعنی قومی ٹیم تقریباً ڈھائی ماہ تک انٹرنیشنل کرکٹ سے باہر رہے گی۔ یہ صورتحال اس وقت مزید اہمیت اختیار کر جاتی ہے جب اگلے ہی سال آئی سی سی ون ڈے ورلڈ کپ منعقد ہونا ہے۔ دنیا کی بڑی ٹیمیں اس وقت سے فائدہ اٹھاتے ہوئے مسلسل ون ڈے کرکٹ کھیل رہی ہیں، نئے کمبی نیشن آزما رہی ہیں، نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع دے رہی ہیں اور اپنی تیاریوں کو آخری شکل دے رہی ہیں۔ ایسے میں پاکستان کا ڈھائی ماہ تک بین الاقوامی کرکٹ سے دور رہنا کسی بھی اعتبار سے دانشمندانہ حکمت عملی محسوس نہیں ہوتا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کے لیے یہ بہترین موقع ہے کہ وہ اس خلا کو کسی مضبوط ٹیم کے خلاف ون ڈے سیریز، محدود اوورز کے ٹورنامنٹ یا سہ ملکی سیریز کے ذریعے پُر کرے۔ اگر آسٹریلیا، نیوزی لینڈ، جنوبی افریقہ، سری لنکا یا بنگلا دیش جیسی ٹیموں کے ساتھ محدود اوورز کی سیریز ترتیب دی جا سکے تو اس کے فوائد صرف نتائج تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ ٹیم مینجمنٹ کو ورلڈ کپ سے قبل اپنی بہترین الیون، مڈل آرڈر، فاسٹ باؤلنگ کمبی نیشن اور اسپن اٹیک کو بھی آزمانے کا موقع ملے گا۔ آج کی جدید کرکٹ میں کامیابی صرف بہترین کھلاڑیوں کی بدولت حاصل نہیں ہوتی بلکہ درست منصوبہ بندی، بروقت فیصلوں اور مسلسل تیاری سے حاصل ہوتی ہے۔ آسٹریلیا، بھارت اور انگلینڈ جیسی کامیاب ٹیموں کی مثال ہمارے سامنے ہے، جہاں ہر سیریز اگلے بڑے ایونٹ کی تیاری کا حصہ ہوتی ہے۔ پاکستان کرکٹ کو بھی اب وقتی کامیابیوں سے آگے بڑھ کر طویل المدتی منصوبہ بندی کو ترجیح دینا ہوگی۔ اگر قومی ٹیم کو واقعی 2027 کے ون ڈے ورلڈ کپ میں ٹائٹل کے مضبوط امیدواروں میں شامل ہونا ہے تو آنے والے چند ماہ انتہائی قیمتی ہیں۔ ان مہینوں کو خاموشی اور انتظار میں گزارنے کے بجائے بھرپور بین الاقوامی کرکٹ کے ذریعے استعمال کرنا ہی دانشمندانہ فیصلہ ہوگا۔ آخرکار، کامیاب ٹیمیں صرف میدان میں نہیں بنتیں، بلکہ ان کے مستقبل کا فیصلہ بورڈ رومز میں ہونے والی منصوبہ بندی کرتی ہے۔ اب دیکھنا یہ ہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ اس ڈھائی ماہ کے خلا کو ایک ضائع شدہ موقع بننے دیتا ہے یا اسے قومی کرکٹ کے مستقبل کی مضبوط بنیاد میں تبدیل کرتا ہے۔


