Home پاکستانوزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو کا ہنگامی دورہ کیا۔

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو کا ہنگامی دورہ کیا۔

by adnan Shahid

وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمد سہیل آفریدی نے ضلع ہنگو کا ہنگامی دورہ کیا، جہاں انہوں نے گزشتہ روز دہشت گرد حملے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کے لواحقین سے ملاقات کی اور ان سے تعزیت کا اظہار کیا۔وزیراعلیٰ نے شہداء ایصالِ ثواب، درجات کی بلندی اور لواحقین کے لیے صبرِ جمیل کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے امن اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے پولیس اہلکار پوری قوم کے ہیرو ہیں اور ان کی عظیم قربانیاں ہمیشہ سنہری الفاظ میں یاد رکھی جائیں گی۔محمد سہیل آفریدی نے پولیس شہدائکی بے مثال قربانیوں کو زبردست خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے شہداء کے اہلخانہ کو یقین دلایا کہ صوبائی حکومت اس دکھ کی گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی۔ انہوں نے کہا کہ حکومت شہدائکے خاندانوں کی ہر ممکن معاونت اور مکمل سرپرستی جاری رکھے گی اور ان کی فلاح و بہبود کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔بعد ازاں، پشاور پہنچنے پر وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے صوبے میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں صوبائی وزیر اطلاعات، معاونِ خصوصی برائے داخلہ، چیف سیکرٹری، ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ، انسپکٹر جنرل پولیس اور دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بالخصوص جنوبی اضلاع میں امن و امان کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا جبکہ متعلقہ حکام نے وزیراعلیٰ کو مختلف پہلوؤں پر بریفنگ دی۔ وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے اس موقع پر ضروری ہدایات جاری کرتے ہوئے بدامنی کے مکمل خاتمے اور صوبے میں پائیدار امن کے قیام کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں دیرپا امن کے قیام کے لیے مربوط، مؤثر اور جامع حکمت عملی پر عملدرآمد جاری ہے ۔ انہوں نے بدامنی کے خلاف خیبرپختونخوا پولیس فورس اور کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ کی پیشہ ورانہ خدمات اور قربانیوں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ شرپسند عناصر کی بزدلانہ کارروائیاں خیبرپختونخوا پولیس کے حوصلے ہرگز پست نہیں کر سکتیں۔ انہوں نے کہا کہ پولیس کے جوانوں کی قربانیاں لازوال ہیں اور دہشت گردی کے خلاف ان کی عظیم قربانیوں کو ہرگز رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔محمد سہیل آفریدی نے واضح کیا کہ صوبائی حکومت ہر مشکل گھڑی میں پولیس فورس کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور دہشت گردی کے ناسور کے مکمل خاتمے تک جدوجہد پوری قوت، عزم اور تسلسل کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے حوصلے بلند ہیں اور امن کے دشمن اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔حکومت عوام کو پرامن ماحول اور بہتر طرزِ حکمرانی کی فراہمی کے لیے اقدامات جاری رکھے گی، موجودہ مالی سال خیبرپختونخوا میں امن، ترقی اور خوشحالی کا سال ثابت ہوگا۔