(سی بی این پاکستان)وزیراعلیٰ محمد سہیل آفریدی نے خیبرپختونخوا میں اے آئی اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان کر دیا، انہوں نے آئی ایم سائنسز پشاور میں منعقدہ ڈیجیٹل میڈیا میٹ اپ کے دوران ڈیجیٹل میڈیا نمائندگان سے انٹرایکٹو سیشن کیا۔اس موقع پر وزیراعلیٰ نے صوبائی جامعات کی رینکنگ میں پہلی پوزیشن حاصل کرنے پر آئی ایم سائنسز کی انتظامیہ، اساتذہ اور طلبہ کو مبارکباد دی۔انہوں نے کہا کہ جامعات کیلئے صوبائی رینکنگ سسٹم کا آغاز اعلیٰ تعلیم کے شعبے میں ایک اہم سنگ میل ہے، جس سے تعلیمی اداروں میں معیار اور مسابقت کو فروغ ملے گا۔وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں اے آئی اتھارٹی قائم کی جا رہی ہے، جس کا مقصد نوجوانوں کو جدید ٹیکنالوجی سے جوڑنا اور نئے مواقع فراہم کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ دور میں ڈیجیٹل مہارتیں نوجوانوں کی ترقی کیلئے بنیادی ضرورت بن چکی ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ احساس نوجوان پروگرام کے تحت نوجوانوں کو بلاسود قرضوں کی فراہمی جاری ہے۔ انہوں نے بتایا کہ خواتین اور مذہبی اقلیتوں کیلئے بھی خصوصی فنڈز مختص کیے گئے ہیں تاکہ انہیں معاشی مواقع فراہم کیے جا سکیں۔سہیل آفریدی نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نے سکول سے باہر بچوں کو دوبارہ تعلیم کے نظام میں شامل کرنے کیلئے رواں مالی سال 5 ارب روپے مختص کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تعلیم کے فروغ کے بغیر پائیدار ترقی ممکن نہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان کی بڑی نوجوان آبادی کو قومی ترقی میں مؤثر کردار دینے کیلئے بہتر مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض ریاستی پالیسیوں کے باعث نوجوانوں میں مایوسی بڑھ رہی ہے، جس پر سنجیدگی سے غور کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ ضم اضلاع کے ساتھ سوتیلی ماں جیسا سلوک کیا جا رہا ہے، سرحدی تجارت کی بندش سے ان علاقوں کی معیشت شدید متاثر ہوئی ہے، جس کے حل کیلئے اقدامات ضروری ہیں۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ این ایف سی ایوارڈ میں خیبرپختونخوا کا جائز حصہ 18 فیصد سے زائد بنتا ہے، تاہم صوبے کو صرف 14.6 فیصد وسائل فراہم کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے مؤقف اختیار کیا کہ صوبے کے جائز مالی وسائل کی تقسیم عوام کے ساتھ ناانصافی ہے۔وزیراعلیٰ نے بتایا کہ پشاور اور تمام ڈویژنل ہیڈکوارٹرز میں مرحلہ وار مفت وائی فائی سہولت فراہم کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگلے مرحلے میں اس منصوبہ کو ضم اضلاع تک توسیع دی جائے گی تاکہ نوجوانوں کو ڈیجیٹل سہولیات میسر آ سکیں۔
طلبہ کیلئے خوشخبری: خیبرپختونخوا میں اے آئی اتھارٹی قائم کرنے کا اعلان
17
