(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا کے ضلع نوشہرہ میں شدید بارشوں کے بعد سیلابی صورتحال پیدا ہو گئی، جس کے نتیجے میں متعدد افراد اور گاڑیاں پانی میں پھنس گئیں۔ریسکیو 1122 نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے محصور افراد اور گاڑیاں محفوظ نکال لیں اور تمام متاثرین کو بحفاظت محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔ریسکیو 1122 کے مطابق پہلی ایمرجنسی رات گئے صاحبزادہ ٹاؤن نوشہرہ اور اکوڑہ خٹک میں پیش آئی، جہاں سیلابی ریلے کے باعث 12 افراد محصور ہوگئے تھے۔ریسکیو واٹر ٹیموں نے فوری کارروائی کرتے ہوئے تمام 12 افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔دوسرا ریسکیو آپریشن آدم زئی، شیٹ گلاس فیکٹری کے قریب کیا گیا، جہاں فلیش فلڈ کے باعث 5 سے 6 افراد پانی میں پھنس گئے تھے۔ریسکیو 1122 کی واٹر ریسکیو ٹیم نے بروقت کارروائی کرتے ہوئے تمام افراد کو بحفاظت نکال کر محفوظ مقامات پر منتقل کردیا۔دونوں ریسکیو آپریشن کامیابی سے مکمل ہوئے اور کسی قسم کا جانی نقصان رپورٹ نہیں ہوا۔دوسری جا نب شدید بارشوں کے دوران جہانگیرہ سٹاپ پر فلیش فلڈ کے باعث 14 گاڑیاں سیلابی پانی میں پھنس گئیں۔اطلاع ملنے پر ریسکیو 1122 نوشہرہ کی ڈیزاسٹر رسپانس ٹیمیں ریکوری وہیکل اور دیگر ضروری آلات کے ساتھ فوری طور پر موقع پر پہنچ گئیں۔ریسکیو اہلکاروں نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے تمام 14 گاڑیوں کو بحفاظت پانی سے نکال کر محفوظ مقام پر منتقل کردیا۔ریسکیو 1122 نوشہرہ کے مطابق شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورتحال کے پیش نظر تمام ٹیمیں ہائی الرٹ ہیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے مکمل طور پر تیار ہیں۔ضلعی انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ بارشوں کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، برساتی نالوں اور سیلابی گزرگاہوں کے قریب جانے سے اجتناب کریں اور صرف سرکاری اداروں کی جاری کردہ ہدایات پر عمل کریں۔
نوشہرہ میں سیلابی صورتحال، محصور افراد بحفاظت نکال لیے گئے
16
previous post
