(سی بی این پاکستان) سینٹرل پولیس آفس پشاور میں خیبرپختونخوا کے سیف سٹیز اور ٹرانس پشاور میں ایک اہم مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے گئے، جس کا مقصد جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے شہری سیکیورٹی اور پبلک ٹرانسپورٹ کے نگرانی نظام کو مزید مؤثر بنانا ہے۔تقریب میں آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی جبکہ دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔کے پی سیف سٹیز پراجیکٹ کی جانب سے پراجیکٹ ڈائریکٹر ڈی آئی جی آئی ٹی اعجاز احمد جبکہ ٹرانس پشاور کی جانب سے چیف ایگزیکٹو ڈاکٹر سید مرتضیٰ اصغر نے مفاہمتی یادداشت پر دستخط کیے۔معاہدے کے تحت ٹرانس پشاور کے بس ریپڈ ٹرانزٹبی آر ٹی سسٹم کے مختلف سٹیشنوں، کوریڈورز اور اہم تنصیبات پر نصب سی سی ٹی وی کیمروں کو کے پی سیف سٹیز کے انٹیگریٹڈ کمانڈ اینڈ کنٹرول سینٹر کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔اس انضمام سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو بی آر ٹی نظام کی براہ راست نگرانی، مشتبہ سرگرمیوں کی فوری نشاندہی اور ہنگامی حالات میں بروقت کارروائی میں مدد ملے گی۔معاہدے کے مطابق دونوں ادارے فائبر آپٹک کنیکٹیویٹی کے ذریعے ایک دوسرے کو کیمروں کی لائیو ویڈیو فیڈ فراہم کریں گے، جس سے سیکیورٹی ادارے کسی بھی ہنگامی صورتحال پر فوری ردعمل دینے کے قابل ہوں گے۔معاہدے کے تحت سیف سٹیز پراجیکٹ کو بی آر ٹی کے منتخب مقامات پر جدید سیکیورٹی کیمرے نصب کرنے کی سہولت بھی حاصل ہوگی، جن میں فیشل اینالیٹکس جیسی جدید ٹیکنالوجی موجود ہوگی۔یہ نظام جرائم کی روک تھام، مشتبہ افراد کی شناخت اور شہری تحفظ کو مزید مؤثر بنانے میں اہم کردار ادا کرے گا۔دونوں ادارے سیکیورٹی اور آپریشنل مقاصد کے لیے باہمی ڈیٹا شیئرنگ کو بھی فروغ دیں گے، جس سے جرائم کی روک تھام، پبلک ٹرانسپورٹ کی نگرانی اور شہری سیکیورٹی مزید مربوط اور شفاف ہوگی۔آئی جی خیبرپختونخوا ذوالفقار حمید نے کہا کہ خیبرپختونخوا سیف سٹیز اور ٹرانس پشاور کے درمیان یہ اشتراک عوامی تحفظ کے لیے ایک اہم سنگ میل ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے استعمال سے پشاور کو مزید محفوظ، پرامن اور اسمارٹ شہر بنانے کی جانب ایک اہم قدم اٹھایا گیا ہے، یہ معاہدہ نہ صرف بی آر ٹی سسٹم کی سیکیورٹی کو مضبوط کرے گا بلکہ پورے شہر میں نگرانی کے ایک جامع اور مربوط نظام کی بنیاد بھی رکھے گا۔تقریب کے اختتام پر دونوں اداروں کے اعلیٰ حکام نے شہریوں کے تحفظ، عوامی مفاد اور جدید سیکیورٹی نظام کے فروغ کے لیے مستقبل میں بھی باہمی تعاون جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔
سیف سٹیز اور ٹرانس پشاور میں معاہدہ، بی آر ٹی سیکیورٹی جدید ٹیکنالوجی سے منسلک
22
