Home پاکستانبابر اعظم کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی

بابر اعظم کی ڈومیسٹک فرسٹ کلاس کرکٹ میں واپسی

by adnan Shahid

لاہور(سی بی این سپورٹس)پاکستان کے ٹیسٹ کپتان بابر اعظم رواں پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون میں آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل)کی جانب سے بطور مہمان کھلاڑی ایکشن میں نظر آئیں گے۔کرکٹ ویب سائٹ کرک انفو کے مطابق بابر اعظم کو جاری پریذیڈنٹ ٹرافی گریڈ ون کے لیے آئل اینڈ گیس ڈویلپمنٹ کمپنی لمیٹڈ (او جی ڈی سی ایل) نے بطور مہمان کھلاڑی سائن کیا ہے۔رپورٹ کے مطابق بابر اعظم نے پاکستان کرکٹ بورڈ سے درخواست کی تھی کہ انہیں کسی ڈومیسٹک ٹیم کے اسکواڈ میں شامل کیا جائے تاکہ وہ ٹیسٹ کرکٹ کے طویل فارمیٹ سے اپنا رابطہ برقرار رکھ سکیں جس کے بعد پی سی بی نے او جی ڈی سی ایل کے ساتھ یہ انتظام کیا۔بابر اعظم نے دسمبر 2022 کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں کوئی سنچری سکور نہیں کی۔ انہوں نے کراچی میں نیوزی لینڈ کے خلاف ڈرا ہونے والے ٹیسٹ میچ میں 161 رنز کی اننگز کھیلی تھی جو اس فارمیٹ میں ان کی آخری سنچری ہے۔2023 کے آغاز سے بابر اعظم کی ٹیسٹ کرکٹ میں اوسط 30.43 رہی ہے جو ان کی مجموعی ٹیسٹ اوسط سے 12.55 رنز کم ہے۔ اس عرصے کے دوران وہ 39 اننگز میں صرف 8 نصف سنچریاں اسکور کرسکے، جبکہ ایک مرحلے پر وہ مسلسل 18 اننگز میں 41 رنز سے آگے نہیں بڑھ سکے۔ان کی آخری ٹیسٹ سنچری کے بعد سب سے بڑی انفرادی اننگز 88 رنز ہے جو انہوں نے گزشتہ ماہ ویسٹ انڈیز کے دورے کے دوسرے اور آخری ٹیسٹ میں کھیلی تھی۔ پاکستان نے یہ میچ جیت کر جولائی 2023 کے بعد پہلی مرتبہ بیرون ملک ٹیسٹ کامیابی حاصل کی تھی جبکہ اس فتح کے ساتھ پاکستان کی مسلسل 8 بیرون ملک ٹیسٹ میچوں میں شکست کا سلسلہ بھی ختم ہوا۔