( سی بی این پاکستان )عوامی نیشنل پارٹی خیبرپختونخوا کے جنرل سیکرٹری حسین شاہ یوسفزئی نے اعلان کیا ہے کہ مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے خلاف 13 جولائی کو عظیم الشان لویہ جرگہ منعقد کیا جائے گا، جس میں مختلف سیاسی جماعتوں، سماجی تنظیموں، تاجر برادری، وکلا، طلبہ، مزدور تنظیموں، سول سوسائٹی اور دیگر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد شرکت کریں گے۔اپنے بیان میں حسین شاہ یوسفزئی نے کہا کہ یہ لویہ جرگہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے آئینی اور قانونی حقوق کے تحفظ کے لیے مشترکہ اور موثر آواز ثابت ہوگا۔انہوں نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی اس معاملے کو کسی ایک جماعت کا نہیں بلکہ پورے مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کا مسئلہ سمجھتی ہے، اسی لیے تمام سیاسی اور سماجی قوتوں کو ایک پلیٹ فارم پر متحد کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔حسین شاہ یوسفزئی نے کہا کہ اے این پی کے مرکزی صدر سینیٹر ایمل ولی خان پہلے ہی واضح کر چکے ہیں کہ مالاکنڈ ڈویژن کے عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے ہر آئینی، جمہوری اور سیاسی فورم پر بھرپور جدوجہد کی جائے گی۔رہنماء اے این پی نے کہا کہ چاہے وفاقی حکومت ہو یا صوبائی حکومت، کسی کو بھی مالاکنڈ ڈویژن کے عوام سے ان کا آئینی، قانونی اور تاریخی حق چھیننے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔انہوں نے بتایا کہ لویہ جرگہ کی تیاریوں کے سلسلے میں مختلف سیاسی جماعتوں اور سماجی تنظیموں سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔ اس حوالے سے اے این پی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین کی قیادت میں پارٹی وفد نے جمعیت علمائے اسلام (ف(، جماعت اسلامی اور پاکستان مسلم لیگ (ن)کی صوبائی قیادت سے ملاقاتیں کیں، جن میں مالاکنڈ ڈویژن میں ٹیکسوں کے نفاذ کے فیصلے پر تبادلہ خیال کیا گیا اور انہیں 13 جولائی کے لویہ جرگہ میں شرکت کی باضابطہ دعوت دی گئی۔انہوں نے مزید بتایا کہ دیگر سیاسی رہنماؤں سے بھی ٹیلی فونک رابطے کیے گئے ہیں۔میاں افتخار حسین نے پاکستان تحریک انصاف کے صوبائی صدر جنید اکبر، پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما ہمایوں خان، محمد علی باچا، ملک عظمت، نیشنل ڈیموکریٹک موومنٹ کی بشری گوہر اور ٹریڈ یونین مالاکنڈ کے چئرمین عبدالرحیم سے رابطہ کر کے انہیں لویہ جرگہ میں شرکت کی دعوت دی، جسے انہوں نے قبول کرتے ہوئے اپنی شرکت کی یقین دہانی کرائی۔
مالاکنڈ میں ٹیکسوں کے خلاف عوامی نیشنل پارٹی کا لویہ جرگہ بلانے کا اعلان
20
