(سی بی این پاکستان)محدود وسائل اور مشکلات کے باوجود باجوڑ سے تعلق رکھنے والے نوجوان سبحان اللہ نے 6 سال کی مسلسل محنت کے بعد اپنی مدد آپ کے تحت ہیلی کاپٹر تیار کرلیا۔نوجوان کی فنی صلاحیت اور منفرد کاوش نے مقامی سطح پر لوگوں کی توجہ حاصل کرلی ہے، جبکہ حکومت کی جانب سے 6 ستمبر کو باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں ہیلی کاپٹر کا آزمائشی مظاہرہ کرانے کے بعد کامیاب تجربے کی صورت میں اڑان کی اجازت دینے کا عندیہ دیا گیا ہے۔سبحان اللہ کے مطابق انہوں نے محدود وسائل کے باوجود 6 سال تک مسلسل محنت کرکے ہیلی کاپٹر تیار کیا ہے، اور اب اسے آزمائشی اڑان کے مرحلے میں لے جانے کی تیاری کی جارہی ہے۔ان کا کہنا ہے کہ حکومت نے انہیں آزمائشی مظاہرہ کرنے کا موقع دینے اور تجربہ کامیاب ہونے کی صورت میں ہیلی کاپٹر کو اڑانے کی اجازت دینے کا وعدہ کیا ہے۔سبحان اللہ کا تعلق ایک محنت کش گھرانے سے ہے، وہ سیزن کے دوران پنجاب میں چپل فروخت کرکے روزگار کماتے ہیں، جبکہ سال کے دیگر حصے میں دیہاڑی مزدوری کرکے اپنے اخراجات پورے کرتے ہیں۔انہیں بچپن ہی سے مشینوں کے ساتھ کام کرنے کا شوق تھا، موٹرسائیکل مکینک کا کام سیکھنے کے بعد مشینری اور مختلف آلات میں ان کی دلچسپی مزید بڑھ گئی۔سبحان اللہ نے ہیلی کاپٹر کی تیاری کے دوران مختلف مشکلات کا سامنا کیا، مطلوبہ پرزہ جات اور دیگر سامان کے حصول کیلئے انہیں لاہور، تیمرگرہ اور پشاور سمیت مختلف شہروں کا سفر بھی کرنا پڑا۔اب ان کی چھ سالہ محنت کا عملی امتحان 6 ستمبر کو باجوڑ سپورٹس کمپلیکس میں آزمائشی مظاہرے کی صورت میں متوقع ہے۔
باجوڑ کے نوجوان نے وسائل کی کمی کے باوجود ہیلی کاپٹر تیار کرلیا
20
