اسلام آباد:(سی بی این پاکستان) وزیراعظم کے مشیر رانا ثنا اللہ نے پاکستان تحریک انصاف کے ساتھ آف دی ریکارڈ مذاکرات کی تصدیق کردی۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ مذاکرات آن ریکارڈ نہیں، آف ریکارڈ ہیں اور ساری باتیں ہوتی رہی ہیں۔ آف دی ریکارڈ گفتگو کا مقصد خیبرپختونخوا حکومت کو باورکرانا ہے کہ وہ خود کو غیرقانونی،غیرآئینی مہم سے علیحدہ کرے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ تحریک انصاف بانی کی صحت کے حوالے سے جو مطالبات کر رہی ہے وہ آف دی ریکارڈ مذاکرات میں نہیں کرتی۔ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم کو موجودہ صورت حال پر بریفنگ دی گئی ہے، گورنر راج یا ایمرجنسی لگانے کا اختیار آئینی طور پر وفاقی حکومت کے پاس موجود ہے، صوبائی حکومت کا یہ کام نہیں کہ وفاقی حکومت پر چڑھائی کرنے کو آئے۔رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر خیبرپختونخوا حکومت بضد رہتی ہے تو گورنرراج یا ایمرجنسی لگانے کا اقدام کیا جاسکتا ہے۔رانا ثنااللہ نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی کو کارکنوں کو یہ بھی کہنا چاہیے تھا کہ جہاں پولیس روکے وہاں انہیں رک جانا چاہیے، اگرسہیل آفریدی کارکنوں کو یہ کہہ دیں تو معاملہ ہی حل ہو جاتا پھر نہ کنٹینرز کی ضرورت اور نہ ڈیتھ ٹریپ کی بات کرنے کی ضرورت ہے۔
پاکستان رانا ثنا اللہ نے پی ٹی آئی کیساتھ آف دی ریکارڈ مذاکرات کی تصدیق کر دی
15
