پشاور:(سی بی این پاکستان)خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن نے صوبے کے 37مراکز صحت کی مینجمنٹ اور آپریشنز آؤٹ سورس کرنے کا فیصلہ کرلیا۔خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مطابق مراکز صحت کی مینجمنٹ اور آپریشنز پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کے تحت آٹ سورس کیے جائیں گے، جس کا مقصد صحت کے شعبے میں معیار، رسائی اور کوریج کو بہتر بنانا ہے۔فاؤنڈیشن کے مطابق آؤٹ سورس کیے جانے والے مراکز صحت میں دیر لوئر، ہنگو، ہری پور، کرک، کوہاٹ، کرم، لکی مروت، اورکزئی، بونیر، پشاور اور سوات کے مراکز شامل ہیں۔اس کے علاوہ شانگلہ، نوشہرہ، شمالی وزیرستان، مہمند، ڈیرہ اسماعیل خان اور بنوں کے مراکز صحت بھی آؤٹ سورسنگ کی فہرست میں شامل کیے گئے ہیں۔خیبرپختونخوا ہیلتھ فاؤنڈیشن نے مراکز صحت کی آؤٹ سورسنگ کے لیے اظہارِ دلچسپی کی درخواستیں طلب کرلی ہیں۔فاؤنڈیشن کے مطابق اہل اور تجربہ کار فرموں، تنظیموں اور جوائنٹ وینچرز سے درخواستیں طلب کی گئی ہیں، جبکہ ہر صحت مرکز کو ایک الگ پراجیکٹ تصور کیا جائے گا۔خواہشمند امیدواروں کو فارم 4 کے مطابق مراکز صحت سے متعلق اپنی ترجیحات ظاہر کرنا ہوں گی۔ہیلتھ فاؤنڈیشن کے مطابق آؤٹ سورسنگ کا عمل صحت کی سہولیات کے معیار، عوام تک رسائی اور خدمات کی کوریج بہتر بنانے کے مقصد سے شروع کیا جا رہا ہے۔
خیبر پختونخوا کے 37 مراکز صحت نجی شعبے کے حوالے کرنے کی تیاری
31
