پشاور:(سی بی این پاکستان)سکیورٹی خدشات کے پیش نظر پشاور کے سول سیکرٹریٹ سمیت اہم سرکاری عمارتوں کو فوری طور پر خالی جبکہ پولیس لائنز میں داخلہ بند کردیاگیا۔سیکرٹریٹ ذرائع کے مطابق سکیورٹی تھریٹ کے باعث سول سیکرٹریٹ میں موجود تمام دفاتر خالی کرائے گئے جبکہ ملازمین اور افسران کو چھٹی دے دی گئی۔سکیورٹی خدشات کے پیش نظر سول سیکرٹریٹ کی مسجد بھی بند کردی گئی ہے اور نماز جمعہ کی ادائیگی کے لیے وہاں موجود افراد کو بھی مسجد سے باہر جانے کی ہدایت کی گئی۔حکام کے مطابق سول سیکرٹریٹ کو خالی کرانے کے احکامات سکیورٹی تھریٹ کے باعث جاری کیے گئے ہیں۔ذرائع کے مطابق سکیورٹی الرٹ کے باعث ڈائریکٹوریٹ آف ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن، شامی روڈ پشاور کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے۔اسی طرح ورسک روڈ پشاور پر واقع سابق فاٹا سیکرٹریٹ کی عمارت کو بھی خالی کرا لیا گیا ہے، مذکورہ عمارت میں محکمہ اطلاعات، لائیوسٹاک، صحت اور دیگر محکموں کا عملہ تعینات ہے۔دوسری جانب پولیس لائنز پشاور میں بھی داخلہ بند کردیا گیا،سکیورٹی خدشات کے پیش نظر مختلف اہم سرکاری عمارتوں کو خالی کرانے کے بعد صورتحال پر نظر رکھی جا رہی ہے۔
سکیورٹی خدشات، سول سیکرٹریٹ پشاور سمیت اہم سرکاری عمارتیں خالی، پولیس لائنز میں داخلہ بند
19
